برطانیہ میں حکام نے امریکی کمپنی فائزر اور بایو این ٹیک کی تیار کردہ کووڈ ویکسین کے عام استعمال کی منظوری دے دی ہے۔
اس ویکسین کے علاوہ دنیا بھر میں مختلف ممالک میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی تیاری کا عمل جاری ہے اور جلد ہی متعدد مؤثر ویکسینز اس وبا پر قابو پانے کے لیے دنیا میں دستیاب ہوں گی۔
پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کی ویکسین سنہ 2021 کی پہلی سہ ماہی میں دستیاب ہو سکتی ہے۔ پاکستان کی وفاقی کابینہ نے ویکسین کی خریداری کے لیے 15 کروڑ ڈالر کی رقم کی فراہمی کی بھی منظوری دی ہے۔
وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ملک میں یہ ویکسین سب سے پہلے کورونا کے خلاف جنگ میں مصروف ’فرنٹ لائن ورکرز‘ یعنی طبی عملے کو دی جائے گی۔
جہاں بہت سے لوگ جلد سے جلد ان ویکسینز کو لگوانے کے لیے بیتاب ہیں وہیں کچھ لوگ ایک انجان دوا کو اپنے جسم میں داخل کرنے پر پریشان دکھائی دیتے ہیں۔
ہمیں کیسے معلوم ہو گا کہ ویکسین محفوظ ہے؟
یہ وہ پہلا اور بنیادی سوال ہے جو سائنسدان کسی بھی ویکیسن کی تیاری اور اس کی جانچ یا نئے طریقہ علاج کا آغاز کرنے سے پہلے پوچھتے ہیں۔
بی بی سی نیوز کی مدیر برائے امور صحت مشیل رابرٹ کے مطابق کسی بھی ویکسین کے محفوظ ہونے کے تجربات کو لیبارٹری کی سطح پر شروع کیا جاتا ہے اور اس کا تجربہ جانوروں یا انسانی خلیوں پر کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد اس کو انسانی جسم میں لگایا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
اس کا اصول یہ ہے کہ اس ویکسین کے تجربے کو چھوٹے پیمانے پر شروع کیا جائے اور اگلے مرحلے میں صرف اس وقت داخل ہوا جائے جب تک کہ اس کے انسانی صحت پر کوئی غیر معمولی اثرات ثابت نہ ہو جائیں اور اس بات کی تسلی کر لی جائے کہ یہ انسانی جسم کے لیے محفوظ ہے۔
ویکسین کی تیاری میں تجربات کا کیا کردار ہے؟
جب تک کہ لیبارٹری میں کیے جانے والے تجربات کے اعداد و شمار سے یہ ثابت نہ ہو جائے کہ اس کے نتائج مثبت اور حوصلہ افزا ہیں اور سائنسدان اس بات کی نشاندہی اور یقین نہ کر لیں کہ تیار کردہ ویکسین یا طریقہ علاج مؤثر ہے، اس کو اگلے مرحلے میں نہیں بھیجا جاتا۔
انسانوں پر تجربے کے لیے بڑے پیمانے پر رضا کاروں کی ضرورت ہوتی ہے۔ فائزر/بایواین ٹیک کی ویکسین کا تجربہ تقریباً چار لاکھ رضاکاروں پر کیا گیا ہے۔
اس عمل میں نصف رضاکاروں کو تیارکردہ ویکسین لگائی جاتی ہے جبکہ باقی کو سادہ محلول لگایا جاتا ہے۔ اس عمل میں محققین اور تجربے میں شامل رضاکاروں کو یہ نہیں بتایا جاتا کہ کس کو اصل ویکسین لگائی گئی ہے اور کس کو سادہ محلول، جب تک کہ ان کے لیبارٹری نتائج کا تجزیہ نہ کر لیا جائے۔ یہ اس لیے کیا جاتا ہے کہ اس عمل کے دوران کسی قسم کی جانبداری نہ ہو۔
ان تمام تجربات کے نتائج کو آزادانہ طور پر پرکھا اور جانچا جاتا ہے۔
کورونا کے ویکیسن کے تجربات بہت عجلت اور تیزی سے کیے گئے ہیں لیکن اس عمل کے دوران کسی بھی مرحلے کو چھوڑا نہیں گیا۔
آکسفورڈ یونیورسٹی اور دوا ساز کمپنی آسٹرازنیکا کی ویکسین کے تجربات کو ایک موقع پر رضا کارانہ طور پر یہ جاننے کے لیے روک دیا گیا تھا کہ اس تجربے میں شامل ہزاروں افراد میں سے ایک فرد کی ہلاکت کیوں ہوئی۔ اس ویکسین کے تجربے کو یہ واضح ہو جانے پر ہی دوبارہ شروع کیا گیا کہ اس فرد کی ہلاکت ویکسین سے متعلق کسی وجہ سے نہیں ہوئی تھی۔
نئی ویکسین یا طریقہ علاج کی منظوری کون دیتا ہے؟
کسی بھی نئی ویکسین کے انسانوں پر استعمال کی اجازت کسی بھی ملک میں اس مقصد کے لیے بنایا گیا ادارہ ہی دے سکتا ہے۔
برطانیہ میں یہ کام ایم ایچ آر اے (میڈیسن اینڈ ہیلتھ کیئر پراڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی) کا ہے جو صرف اسی صورت میں استعمال کی اجازت دیتا ہے جب وہ اس کے انسانی استعمال کے محفوظ اور مؤثر ہونے پر مطمئن ہو۔
دنیا بھر مں عام استعمال کے لیے کورونا ویکسین کی منظوری دینے والے اس پہلے ادارے کی سربراہ ڈاکٹر جون رینے کا کہنا ہے کہ ’عوام کو مکمل یقین ہونا چاہیے کہ ہم جس معیار پر کام کرتے ہیں وہ عالمی معیار کے برابر ہے۔‘
اس ویکسین کی منظوری کے بعد بھی اس کی جانچ کا عمل جاری رہتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ اس کے کوئی مضر صحت اثرات یا دور وقتی اثرات نہیں ہے۔
اگر کسی کو شبہ ہو کہ وہ اس ویکسین کے مضر صحت اثرات کا شکار ہے یا ان میں مببتلا ہے تو وہ ڈرگ ریگولیٹری ایجنسی کو شکایت کر سکتا ہے۔
کورونا ویکسینز میں کیا ہے؟
اس وقت دنیا میں بہت سے کورونا ویکسینز تیار کی جا رہی ہیں جن میں سے کچھ میں اسی وائرس کی کمزور شکل کو استعمال کیا گیا ہے۔
آکسفرڈ یونیورسٹی اور آسٹرازنیکا کی تیار کردہ ویکسین میں ایک غیر نقصان دہ وائرس کا استعمال کیا گیا ہے جو سارس کووڈ 2 یعنی کورونا وائرس سے مشابہت رکھتا ہے۔
امریکی کمپنی فائزر، بائیو این ٹیک اور موڈرنا کی تیارکردہ ویکسینوں میں ایک جنیاتی کوڈ کا استعمال کیا گیا ہے جو انسانی مدافعاتی نظام کے ردعمل کی وجہ بنتا ہے اور انھیں ایم آر این اے ویکسینز کہا جاتا ہے۔
یہ ویکیسنیں انسانی خلیوں میں رد و بدل نہیں کرتیں بلکہ یہ صرف انسانی جسم کو کورونا کے وائرس کے خلاف مدافعت بڑھانے کا کام کرتی ہیں۔
چند ایک ویکسینوں میں کورونا وائرس سے پروٹین حاصل کر کے استعمال کی گئی ہے۔ بعض اوقات ویکسینوں میں دیگر اجزا مثلاً المونیم وغیرہ کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ ان کو زیادہ مستحکم اور مؤثر بنایا جا سکے۔
کیا ویکسین مجھے بیمار کرے گی؟
اس کے کوئی شواہد نہیں ہیں کہ اگر ویکسین میں موجود اجزا کو اتنی کم تعداد میں انسانی جسم میں داخل کیا جائے تو اس سے کوئی نقصان پہنچے۔
ویکسین آپ کو بیماری نہیں لگاتی بلکہ یہ آپ کے جسم کے مدافعاتی نظام کو یہ سکھاتی ہیں کہ اگر کوئی مخصوص وائرس جسم میں داخل ہو تو اس کا مقابلہ کیسے کرنا ہے۔
ویکسین کے باعث آپ بیمار نہیں ہو سکتے۔ اس کے برعکس یہ آپ کے جسم کے مدافعتی نظام کو انفیکشن کی پہچان اور اس سے لڑنے کے طریقے سکھاتی ہے۔
کچھ افراد میں ویکسین لگنے کے بعد معمولی علامات ضرور ظاہر ہوتی ہیں جیسے پٹھوں میں درد، ہلکا سا بخار وغیرہ۔
یہ کوئی بیماری نہیں ہے بلکہ ویکسین لگنے کے بعد جسم کا ردِعمل ہے۔
بہت کم ایسا دیکھنے میں آتا ہے کہ کسی ویکسین کے باعث الرجک ردِعمل سامنے آئے۔ کسی بھی منظور شدہ ویکسین پر اس میں موجود اجزا درج ہوتے ہیں۔
یہاں آپ کو خبردار بھی کیے دیتے ہیں کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ویکسین مخالف جھوٹی کہانیاں پھیلانے کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے اور ان کی بنیاد سائنس ہرگز نہیں ہے۔
کیا کووڈ 19 سے متاثرہ شخص کو ویکسین لگانا محفوظ ہے؟
اگر کسی کورونا وائرس کی ویکسین کو منظوری مل جاتی ہے تو یہ عین ممکن ہے کہ ایسے لوگوں کو بھی یہ دی جائے گی جنھیں ماضی میں کووڈ 19 ہو چکا ہے۔
ایسا اس لیے کیا جائے گا کیونکہ قدرتی مدافعت ہمیشہ کے لیے حفاظت نہیں دے سکتی اور ہم نے کورونا وائرس سے دوسری مرتبہ متاثر ہونے والے کیسز بھی دیکھے ہیں۔
کیا جانور ان ویکسینز کی تیاری میں محفوظ ہیں ؟
چند ویکسینز جیسے شنگلز ویکسین یا بچوں کی فلو ویکسین میں خنزیر کے گوشت کا جلیٹن استعمال ہوتا ہے۔
اسی طرح کچھ ویکسینز کو مرغی کے انڈوں پر یا چوزوں کے خلیوں کے ذریعے بنایا جاتا ہے۔
اس وقت سینکڑوں ویکسینز پر کام جاری ہے۔ ہمارے پاس اس وقت ان میں استعمال ہونے والے تمام اجزا کی تفصیل موجود نہیں ہے لیکن اکثر کووڈ ویکسینز جانوروں کو نقصان نہیں پہنچائیں گی۔
مجھے فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے؟
اس حوالے سے ہمارے پاس نمایاں سائنسی ثبوت موجود ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ ویکسین کے ذریعے ہی انفیکشنز سے بچا جا سکتا ہے۔
اب تک کے نتائج کے مطابق کورونا وائرس ویکسینز لوگوں کو بہت زیادہ بیمار ہونے سے بچانے اور ان کی جانیں بچانے کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں۔
کورونا وائرس ویکسین کی پہلی خوراک ان افراد کو دی جائے گی جنھیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے جیسے عمر رسیدہ افراد جو اس کے باعث شدید بیمار ہو سکتے ہیں۔
اب تک یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ ویکسینز کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کتنی کارگر ثابت ہوں گی۔
اگر یہ اس معاملے میں مفید ثابت ہوتی ہیں تو اکثریت کو یہ ویکسین لگا دی گئی تو اس بیماری کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔