سری نگر، 26 ستمبر (یو این آئی) جہانگیر واریئرس نے اتوار کو یہاں ٹی آر سی گرائونڈ میں روئل سٹار بژھ پورہ کرکٹ کلب کو دس رنوں سے شکست دے کر چمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے ایڈیشن کو اپنے نام کر لیا۔
جہانگیر واریئرس نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 30 اورز میں 255 رنز بنائے۔ ٹیم کے لئے امتیاز نے 44 گیندوں میں تیز ترار 80 رنز سکور کئے جبکہ زاہد ڈار نے 28 گیندوں میں 43 رنز بنائے۔
روئل سٹار بژھ پورہ کے لئے محفوظ خان نے تین اور سمیع اللہ بیگ نے دو وکٹیں لیں۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری روئل سٹار بژھ پورہ کی ٹیم مقررہ اورز میں 244 رنز ہی بنا سکی اور اس طرح محض 10 رنز سے فائنل ہار گئی۔ روئل سٹار کے لئے زاہد نے 54 اور رئیس نذیر نے 53 رنز سکور کئے۔
جہانگیر واریئرس کے لئے فیصل اور منیب مناف نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
امتیاز کو تیز ترار رنز سکور کرنے پر مین آف دی میچ جبکہ زاہد کو پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہر کرنے پر مین آف دا سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کرکٹ فریٹرنٹی ڈل گیٹ کی جانب سے کیا گیا تھا اور اس میں وادی کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی ٹیموں نے حصہ لیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے فائنل کی ایوارڈ تقریب میں جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیدار ماجد ڈار نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
ایوارڈ تقریب میں فاتح ٹیم کو چالیس ہزار جبکہ فائنل مقابلہ ہارنے والی ٹیم کو بیس ہزار روپے کے چیک پیش کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں میں میڈل تقسیم کرنے کے علاوہ بعض کو کرکٹ سامان بھی فراہم کیا گیا ہے۔