سری نگر، 26 اکتوبر پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ حکومت ہند تعلیم یافتہ نوجوانوں کی اپنی شناخت پاکستان کے ساتھ کرانے کی وجوہات معلوم کرانے کی بجائے انتقامی کارروائیاں عمل میں لا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی کارروائیوں کی عمل آوری سے حکومت اور نوجوانوں کے درمیان دوریاں مزید بڑھ جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ کی کشمیری نوجوانوں کے ساتھ ’من کی بات‘ پاکستان کی ہندوستان کے خلاف میچ میں جیت حاصل کرنے پر طلبا پر جشن منانے کے پاداش میں مقدمہ درج کرنے سے شروع ہوئی۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا: ’مرکزی وزیر داخلہ کی کشمیری نوجوانوں کے ساتھ من کی بات پاکستان کے میچ جیتنے پر میڈیکل طلبا کے خلاف جشن منانے کے پاداش میں یو اے پی اے عائد کرنے سے شروع ہوئی۔ یہ معلوم کرنے کی کوششوں کہ نوجوان اپنی شناخت پاکستان کے ساتھ کیوں کر رہے ہیں، کی بجائے حکومت ہند انتقامی کارروائیوں کو عمل میں لا رہی ہے، ایسے اقدام سے دوریاں مزید بڑھ جائیں گی‘۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر پولیس نے ٹی ٹونٹی عالمی کپ کے میچ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف جیت کا جشن منانے کے پاداش میں دو میڈیکل کالجوں کے طلبا کے خلاف مقدمے درج کئے ہیں۔