ایل جی انتظامیہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں کافی سنجیدہ
جموں وکشمیر کی موجودہ انتظامیہ نے خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے کی خاطر فارسٹ ٹریک بنیادوں پر ریکروٹمنٹ عمل شروع کرنے کی بھرتی ایجنسیوں کو ہدایت دی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں وکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ اور پبلک سروس کمیشن کے عہدیداروں پر واضح کیا ہے کہ خالی پڑی اسامیوں کو وقت مقررہ کے اندرا ندر ہی پُر کیا جائے ۔ پچھلے ایک سال کے دوران فارسٹ ٹریک بنیادوں پر لگ بھگ پندرہ ہزار کے قریب افراد کو سرکاری نوکریاں فراہم کی گئیں۔ بھرتی کے دوران رشوت کے عنصر کو ختم کرنے کی خاطر جموں وکشمیر انتظامیہ نے ایک مضبوط لائحہ عمل ترتیب دیا ہے جس کے تحت جو کوئی بھی آفیسر یا اہلکار رشوت میں ملوث قرار پائے گا اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بھرتی ایجنسیوں کی جانب سے فارسٹ ٹریک بنیادوں پر اسامیوں کو پُر کرنے کی وجہ سے بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں میں امید کی کرن پیدا ہو گئی ہے۔ سابقہ حکومتوں نے ہمیشہ یہاں کے نوجوانوں کے ساتھ استحصال کیا ، رشوت کے بل بوتے پر سرکاری نوکریاں فراہم کرنے کی روایت پچھلے بیس برسوں سے جاری تھی لیکن ایل جی منوج سنہا نے اس عنصر کو مکمل طورپر ختم کیا اور بھرتی ایجنسیوں کو غیر جانبدارنہ طریقے سے اسامیاں پُر کرنے کی ہدایت دی ۔ سروسز سلیکشن بورڈ کی جانب سے حال ہی میں ایس آئی اور اکاونٹ اسسٹنٹ اسامیوں کو پُر کرنے کی خاطر تحریری امتحانات لئے گئے جبکہ پندرہ سو کے قریب جونیئر اسسٹنٹ اسامیاں کا شارٹ لسٹ بھی منظر عام پر لایا گیا جس سے تعلیم یافتہ نوجوانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔گر چہ جموں وکشمیر میں بے روزگاری کی شرح ملک کی ریاستوں کی نسبت زیادہ ہے تاہم موجودہ انتظامیہ نوجوانوں کوروزگار فراہم کرنے کی خاطر کوشاں ہے اور اس حوالے سے جموں وکشمیر میں پرائیوٹ سیکٹر کو بھی مضبوط کیا جارہا ہے۔ ایل جی منوج سنہا نے گزشتہ ماہ ہی گلف ممالک سے آئے ہوئے تاجروں کا سری نگر میں خیر مقدم کیا ، اپنے دو روزہ دورے کے دوران ان ممالک کے تاجروں نے یہاں کے تاجروں اور بزنس کیمونٹی کے ساتھ ملاقات کی جس دوران انہوں نے یقین دلایا کہ وہ یہاں پر اپنے یونٹس قائم کریں گے۔ بین الاقوامی ممالک کی جانب سے جموں وکشمیر میں سرمایہ کاری کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے کیونکہ اس کے ذریعے ہزاروں کی تعداد میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار ملنے کا امکان ہے۔ ان تاجروں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں سرمایہ کاری کی خاطر انہوں نے یہاں کے نوجوانوں کو ہی بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب سے جموں وکشمیر انتظامیہ نے متعدد پروجیکٹ ہاتھ میں لئے ہیں جس کے ذریعے بھی نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ موجودہ انتظامیہ جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کے جال کو بچھانے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے حوالے سے بھی کافی سنجیدہ نظر آرہی ہیں اور آئے روز نئی نئی اسکیموں کومنظر عام پر لایا جارہا ہے۔ایل جی منوج سنہا کی ہدایت پر جموں وکشمیر کے سبھی اضلاع میں اس وقت تعمیر وترقی کے کام شدو مدسے جاری ہیں جس وجہ سے لوگوں کو سہولیات میسر ہو پا رہی ہیں۔تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقعے فراہم کرنے کی خاطر جس طرح سے موجودہ انتظامیہ کام کر رہی ہیں اُس کی نظیر ملنا مشکل ہے ، سابقہ حکومتوں نے صرف اپنے رشتہ داروں اور کارکنوں کو ہی نوکریاں فراہم کیں لیکن موجودہ انتظامیہ حقداروں کو اُن کا حق فراہم کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں جس وجہ سے جموں وکشمیر کے نوجوانوں میں حکومت کے تئیں اعتماد بڑھ گیا ہے۔ آنے والے ماہ کے دوران بھی جموں وکشمیر انتظامیہ نے بے روزگار نوجوانوں کو نوکریان فراہم کرنے کی خاطر اسامیوں کو منظر عا پر لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ لگ بھگ پانچ ہزار کے قریب اسامیوں کو پر کرنے کی خاطر عنقریب ہی نوٹیفکیشن جاری کی جارہی ہیں جس کا عوامی حلقوں نے خیر مقدم کیا ہے۔