جموں، مئی09: اپنی پارٹی یوتھ ونگ کے لیڈران اور کارکنان نے آج ایس ایم جی ایس اسپتال شالیمار جموں میں انتظامیہ کی بدنظمی کیخلاف پر امن احتجاج کیا۔ یوتھ ونگ ریاستی کارڈی نیٹر سنی کانت چب کی قیادت میں یوتھ لیڈران ایس ایم جی ایس ایچ اسپتال احاطہ میں جمع ہوئے ۔ انہوں نے مریضوں اور نوزائد بچوں کی مناسب دیکھ ریکھ کے خاطر خواہ انتظامات نہ ہونے پر انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ چب نے الزام لگایاکہ انتظامیہ کی ناکامی کا اندازہ اِس بات سے بخوبی لگایاجاسکتا ہے کہ اسپتال کے اندر ایک بستر پر تین سے چار مریض ہیں جس سے مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔ مریضوں کو علاج یا زچگی کے دوران انتہائی غیر آرام دہ صورتحال میں رکھا جاتا ہے اور اسپتال میں دوران ِ قیام اُن کی اچھی دیکھ بھال بھی نہیں ہوتی۔انہوں نے مزید کہاکہ اُنہیں کئی بارشکایات موصول ہوئی ہیں اور اسپتال انتظامیہ مریضوں کی طرف سے اُجاگر کئے جانے والے مسائل کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی۔ مریضوں کے ساتھ آنے والے تیمارداروں کو بھی ہراساں ہونا پڑتا ہے ۔عملہ کا رویہ سخت اور غیر دوستانہ ہے جومریضوں وتیمارداروں کیلئے تشویش کن بات ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ اسپتال انتظامیہ اِس صورتحال کا جائزہ لے اور جلد سے جلد مسئلے کا حل نکالے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایس ایم جی ایس اسپتال میں کوئی ونٹی لیٹر سے لیس ایمولینس نہیں کہ قبل از وقت پیدا ہونے والے بچے کو ہنگامی صورتحال میں منتقل کیاجاسکے۔ اس اسپتال میں دور دراز علاقہ جات سے لوگ علاج ومعالجہ کی غرض سے آتے ہیں لیکن بدنظمی سے اُنہیں مایوسی ہوتی ہے۔ اس احتجاج میں یوتھ ونگ ریاستی جنرل سیکریٹری ابہے بقایہ، صوبائی صدر یوتھ ونگ وپل بالی، صوبائی سیکریٹری یوتھ ونگ سہیل کھجوریہ، سنیئر نائب صدر یوتھ ونگ سندیپ وید، ضلع یوتھ آرگنائزنگ سیکریٹری ارچنا کول، ضلع سیکریٹری یوتھ ونگ انکوش ڈوگرہ، راویندر کول، سرجیت کمار، پرنکال مانک، ہریش کمار، شبم کمار، یوگیش شرما اور راوندر کول بھی شامل تھے۔