وج نے کرناہ میں انٹی ڈرک کمیٹی کے اشتراک سے تقریب کا اہتمام کیا
پیر زادہ سعید
کرناہ //فوج نے انٹی ڈرگ کمیٹی کرناہ کے اشتراک سے ہائی سکنڈی سکو ل کنڈی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیاجس کا مقصد نوجوان نسل کو منشیات سے دور رکھنا تھا ۔تقریب میں فوج ، پولیس اور علاقے کے معزز شہریوں اور پنچایتی اراکین نے شرکت کی ۔تقریب میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی پہنچی تھی جنہوں نے نشہ کے مضراثرات کے بارے میں وہاں موجود طلاب کو آگاہ کیا ۔تقریب میں ایس ایچ او کرناہ مدثر احمد ، سیول سوسائٹی کرناہ کے چیئرمین پیرزادہ ایس ڈی قریشی ، نائب چیئرمین میر ہمایون کے علاوہ سکول انتظامیہ اور سکولی بچوں نے بھی شرکت کی ،جبکہ فوج کے9پیرہ ریجمنٹ کے کمانڈنٹ افسر کے تہواری نے تقریب میں مہمان خصوصی کے فرائض انجام دئے ۔اس دوران مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانی زندگی پر منشیات کے خوفناک اثرات پڑ رہے ہیں اور نوجوان نسل منشیات کی وبا ءمیں پھنس رہی ہے اور اس کو اس سے باہر نکلانے کےلئے ہر سطح پر کوششیں ضروری ہیں ۔فوجی افسران نے اس دوران انٹی ڈرگ کمیٹی کی تعریف کی کہ انہوں نے علاقے میں اس کی روکتھام کےلئے کافی کام کیا ہے ۔اس دوران یہ بھی بتایا گیا کہ فوج نے کپواڑہ میں نشہ میں مبتلا نوجوانوں کے علاج ومعالجہ کےلئے ایک انٹی ڈرگ سنٹر کھولا ہے جس کا افتتاح اگلے کچھ روز میں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس سنٹر کو کھولنے کا مقصد ایسے نوجوانوں کو سہولت پہنچانا ہے جو علاج ومعالجہ کےلئے سرینگر یا پھر وادی کے دوسرے علاقوں میں جاتے ہیں ۔ تقریب میں موجود معالجین نے اس دوران منشیات کے مضر اثرات اور نقصانات کے بارے میں وہاں موجود نوجوانوں کو آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ منشیات کا نشہ کرنے والوں کی زندگیاں کم ہوتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف چڑچڑا پن آتا ہے بلکہ گھر والوں کی پوری کمائی ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ انسان ایڈس اور دیگر مہلک بیماریوں میں مبتلا ہو جاتا ہے ۔انٹی ڈرگ کمیٹی کے سربراہ راجہ وقار نے اس دوران نظامت کے فرائض انجام دئے اور فوج کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔