پیرزادہ سعید
کرناہ//وادی بھر کے ساتھ ساتھ کرناہ میں بھی بھاری برف باری ہوئی ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔اور نظام زندگی متاثر ہو کر رہ گئی۔تازہ اطلاعات ملنے تک سادھنا ٹاپ پر نئی اور پرانی 5 فٹ برف جمع ہوئی ہے جس کے باعث شاہراہ کو احتیاطی طور پر گاڑیوں کی آمد ورفت کےلئے بند کر دیا گیا ہے ۔اسی طرح اس سرحدی علاقے کے گائوں دیہات میں بھی 5 انچ سے 1فٹ برف جمع ہو چکی ہے۔ وہیں اس برف باری کی وجہ سے کئی اندرونی سڑکیں بھی بند ہوئی ہیں ان علاقوں میں شام دیر گئے تک بھاری برف باری ہو رہی تھی۔ادھر کرناہ کے نہچیاں ۔ بڑون ۔کچاڑیاں ۔جبڑی ۔جبڑی بجلدار۔ جاڈہ ۔کونہ گبرہ ۔چرکنجی۔ یجترہ ۔یاری بڑں۔ بیاڑی ۔کڑھامہ۔ ٹاریاں سمیت کئی ایک گائوں تحصیل ہیڈکوارٹر سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔جبکہ ٹنگڈار کنڈی دلدار بٹ پورہ کھوڑپارہ ۔لونٹھا ۔شاٹھ پلہ ۔سلمان۔گبرہ ۔ٹاڈ میں آخری اطلاعات ملنے تک برف باری کا سلسلہ جاری تھا۔ برف باری کی وجہ سے بجلی نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ادھر کرناہ میں بھی 33کے وی بجلی کی ترسیلی لائن کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی علاقوں میں ترسیلی لائینں بھی پوری طرح سے زمین پر پڑی ہیں ۔تاہم انتظامیہ کے مطابق بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے۔ ایس ڈی ایم کرناہ ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے جمعہ کو کرناہ کپوارہ شاہراہ سمیت دیگر دیہات کا دورہ کر کے وہاں برف باری سے پیدا ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا.ایس ڈی ایم کرناہ ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے بتایا کہ صبح کے وقت سڑکوں سے برف ہٹا دی گئی تھی تاہم دن بھر ہونے والی برف باری کی وجہ سے برف ہٹانے کے کام میں رکاوٹ آئی تاہم انہوں نے کہا کہ کرناہ میں موسم کے سازگار ہونے کے بعد بجلی سپلائی بحال ہو گی اور گاڑیوں کی آمد ورفت کو بھی بحال کیا جائے گا ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسمی صورتحال کے بیچ بالائی علاقوں کا سفر نہ کریں اور کوئی بھی مشکلات پیش آنے پر انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے فون نمبرات پر رابطہ قائم کریں ایس ڈی ایم نے کہا کہ علاقے میں اشیائے ضروریہ کی کوئی قلت نہیں ہے ۔۔۔