پیرزادہ سعید
کرناہ // خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ڈگری کالج کنڈی کرناہ میں ایک تقریب بڑے ہی جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی ۔ اس تقریب کا انعقاد خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے کیا گیا تھا۔اس موقع پر خصوصی پروگرام منعقد کئے گئے۔ معروف وکیل فاروق احمد قریشی نے جنسی ہراسانی پر قانونی نقطہ نظر پر لیکچر پیش کیا ۔جبکہ اسلامی سکالر مفتی امتیاز احمد نے اسلام میں خواتین کے حقوق اور خواتین کی تعلیم کے موضوع پر ایک خصوصی لیکچر پیش کیا ۔کالج کی بچوں نے اس دوران خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع پر ایک مباحثے میں حصہ لیا جس کا اہتمام پروفیسر طارق احمد شاہ نے کیا تھا۔ بعد ازاں “بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ” کے موضوع پر ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جسے کالج سے پرنسپل پروفیسر ہارون رشید نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ریلی مختلف دیہاتوں اور بازاروں سے گزرتی ہوئی شاہراہ پر پہنچ کر چنار پارک ٹنگڈار میں اختتام پذیر ہوئی۔ بہت سی خواتین NSS اور مشن شکتی رضاکاروں نے اس تقریب میں حصہ لیا۔ خواتین کے عالمی دن سے متعلق مختلف سرگرمیوں کو این ایس ایس کے پروگرام آفیسر ڈاکٹر پرویز احمد نے مربوط کیا جبکہ تمام فیکلٹی ممبران اور غیر تدریسی افراد نے اس تقریب میں شرکت کی۔