پیرزادہ سعید
کرناہ //نیولائٹ پبلک ماڈل اسکول چترکوٹ کرناہ میں گرین انڈیا مہم کے تحت محکمہ سوشل فارسٹری کی جانب سے شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا۔اس دوران سکول کے احاطے میں نہ صرف دیودار کے درخت لگائے گے بلکہ طلاب کو پیڑ پودوں کی اہمیت کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی ۔اس مہم میں محکمہ کے فارسٹ افسر علاقے کے معززین اور سکول کے اساتذہ اور طلاب نے شرکت کی ۔ اسکول انتظامیہ نے محکمہ کے کام کو سراہا۔محکمہ کے رینج افسر ساجد قریشی کی ہدایت پر سوشل فارسٹری کی ایک ٹیم سکول میں پہنچی جہاں انہوں نے وہاں پودے لگانے کا کام کیا ۔انہوں نے اسکول کے بچوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیڑ پودے لگانا ہر ایک شہری کا فرض ہے کیونکہ یہ ہمیں نہ صرف زندہ رہنے کےلئے آکسیجن فراہم کرتے ہیں بلکہ ان سے ہمیں بہت سے فائدے پہنچتے ہیں ۔سکول کے پرنسپل امتیاز احمد خان نے اس دوران اپنے خطاب میں کہا کہ ہم محکمہ کے بے حد مشکور ومننون ہیں جنہوں نے ہمارے اسکول کو شجرکاری کےلئے چنا۔ انہوں نے کہا ہم بچوں کو سکولوں میں پیڑ پودوں کی اہمیت کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہیں لیکن اس مہم سے انہیں پریکٹیکل کرنے کو ملا اور بچوں نے اپنے ہاتھوں سے سکول کے احاطے میں پودے لگائے ۔اس مہم میں سرپنچ حلقہ چترکوٹ بھی موجود تھیں جنہوں نے محکمہ کے کام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ محکمہ مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کا انعقاد کرے گا اور لوگوں کو یہ جانکاری وقت وقت پر دے گا کہ ہمارے سماج میں پیڑ پودوں کی اہمیت کتنی ہے ۔