برسوں سے مکینوں کے اچھے تال میل نے فوج کے دل جیت لئے
بڑھتی آبادی اور اقتصادی پوزیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے اسامیوں کے کوٹے کو
بڑھانے کی مانگ
پیرزادہ سعید
کرناہ // ماضی کی طرح کرناہ میں رواں سال بھی بھارتی فوج نے بے روزگار نوجوانوں کےلئے پوٹر بھرتی کا باضابطہ طور آغاز کر دیا ۔ گذشتہ کئی برسوں سے نوجوانوں کو فوج میں ایل سی پوٹر کمپنی میں بھرتی کیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنا روزگار کما سکیں ۔سوموار کو جہاں پوری دنیا میں عالمی یوم مزدور منایا جا رہا ہے ،وہیں کرناہ میں بھارتی فوج نے اس دن پر بے روزگار نوجوانوں کےلئے پوٹر بھرتی شروع کی اور یہ بھرتی چھمکوٹ اور ٹنگڈار میں مرحلہ وار طریقے سے عمل میں لائی جا رہی ہے ۔بھرتی کا یہ عمل 5مئی تک جاری رہے گا ۔سوموار کو اس بھرتی کا باضابطہ طور پر انعقاد کیا گیا جس میں پانچ پانچ گاﺅں کے سینکڑوں بےروزگار نوجوانوں نے حصہ لیا ۔بھرتی ہونے والے پوٹروں کو 18ہزار روپے تنخواہ اور (T. A. D. A) دی جاتی ہے اور اس سے کئی ایک گھروں کا چوہلا جلتاہے ۔معلوم رہے کہ کرناہ کی کل آبادی ایک لاکھ کے قریب ہے اور یہاں زیادہ تر لوگ غریبی کی سطح سے نیچے زندگی گزر بسر کرتے ہیں لیکن ہر سال انہیں فوج کی اس بھرتی کا انتظار رہتا ہے تاکہ وہ پانچ ماہ فوج کے ساتھ کام کر کے اپنا روزگار کما سکیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق سرحدی علاقہ کرناہ میں فوج اور عوام کا رشتہ برسوں سے مظبوط ہے اور ہر مشکل کی گھڑی میں فوج عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہے۔ لوگوں نے کہا کہ سیلاب ہو،یا پھر زلزلہ ،حادثات ہوں یا پھر دیگر مشکلات فوج نے کبھی لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑا بلکہ ہر مشکل وقت میں لوگوں کا ساتھ دیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کرناہ میں فوج کے بغیر کچھ بھی مکمل نہیں ہے کیونکہ انہیں چھوٹی سی چھوٹی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ لوگوں کے اچھے تال میل کے نتیجے میں فوج لوگوں کو ہر ممکن مدد کےلئے پیش پیش رہتی ہے ۔لوگوں کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے ہر اس علاقے میں میڈیکل کیمپ منعقد کئے جاتے ہیں، جہاں صحت کی سہولیات نہیں ہے ،بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کےلئے فوج نے کرناہ میں کئی ایک ٹرینگ انسٹی چوٹ شروع کئے ہیں ،جبکہ یہاں کے بچوں کو بیروں ریاستوں میں سیر سپاٹے کےلئے بھی بھیجا جاتا ہے ،صرف اتنا ہی نہیں بلکہ بچوں کو سکولوں تک پہنچانے کےلئے مفت گاڑیاں دستیاب رکھی ہیں ۔سماج کو منشیات سے پاک رکھنے کی خاطر ہر سال گرمیوں کے موسم میں کھیل کود کی سرگرمیاں شروع کی جاتی ہیں ۔اس دوران مقامی لوگوں نے فوج کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کرناہ میںبڑھتی آبادی کو دیکھتے ہوئے اور لوگوں کی اقتصادی پوزیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے ایل سی پوٹر کمپنی میں اسامیوں کے کوٹے کو بڑھایا جائے تاکہ مزید لوگوں کو روزگار مل سکے کیونکہ کرناہ کے بےروزگار نوجوانوں کو اس بھرتی کے دن کا انتظار رہتا ہے ۔