خان جہانگیر
بارہمولہ،
29 مئی
شمالی کشمیر ضلع بارہمولہ کے مشہور و معروف عارفین اسکول آف ایکسیلنس دلنہ بارہمولہ کی طرف سے سوموار کو میر تقی میرؔ کی یاد میں ایک شاندار و معیاری ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں میر تقی میرؔ کے فن اور شخصیت پر مختلف زایوں سے روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے میر تقی میرؔ کی شاعری کے کئی اہم گوشو سے پردا وا کرتے ہوئے سامعین کو دنیائے ادب میں ان کے قد کاٹھ سے متعارف کرایا۔ یاد رہے، ادب، ادیب اور سماج جیسے ذیلی موضوعات بھی زیرِ بحث لائے گئے ۔نششت میں وادی کے کہنہ مشق شاعر و ادیب جناب شبیر احمد شبیر بحثیت مہمانِ خوصوصی جب کہ قاضی افروزہ منظورؔ صاحبہ بطورِ مہمانِ ذی وقار بلترتیب ایوانِ صدارت میں جلوہ افروز رہے۔ یاد رہے، نشست دو شقوں پر مشتمل رہی۔ پہلی نشست کی صدارت عارفین اسکول آف ایکسیلنس کی نگران و پرنسپل محترمہ عصما صادق صاحبہ نے کی اور دوسرے مہمان مقررین میں جناب محمد اکرم اور رمیض رشک کے علاوہ اسکول کی طرف سے جناب عابد احمد ڈار، زبیر احمد اور پیر زادہ عاشق صاحب قابلِ ذکر ہیں۔ نظامت کی زمہ داری جناب اشؔہر اشرف نے احسن انداز میں نبھائی جب کہ خطبہ استقبالیہ و اختتامیہ محترمہ عصما صادق صاحبہ نے اپنے منفرد لب و لہجے میں پیش کیا اور اس نوعیت کی نشستوں کا اہتمام آئندہ بھی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔
نشست کی دوسری شق میں ایک معیاری محفلِ مشاعرہ بھی منعقد کیا گیا جس کی صدارت ماہرِ علم و عروض اور فصاحت و بلاغت جناب شبیر احمد شبیر نے کی اور قاضی افروزہ منظورؔ مہمانِ خوصوصی کی حثیت سے ایوانِ صدارت میں موجود رہیں۔ دوسرے شعراء کرام میں جناب اشہر اشرف، محمد اکرم اور رمیض رشک قابلِ ذکر ہیں۔ نشست کے اختتام پر شرکاء مجلس کے حق میں ادارہ ھذا کی طرف سے ظہرانہ پیش کر کے احترام کے ساتھ رخصت کیا گیا۔