ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے ہفتہ کو کہا کہ ڈی پی اے پی وادی چناب کی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور ان کی پارٹی مذہب اور خطے کی سیاست سے بالاتر ہو کر کام کرتی ہے جیسا کہ انہوںنے جموں و کشمیر کے وزیر اعلی کے طور پر اپنے ڈھائی سالہ مختصر دور حکومت میں ثابت کیا۔
ڈوڈہ ضلع کے گگلہ علاقے میں پہلی عوامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے آزاد نے کہا”بے حسی کی سیاست کی وجہ سے وادی چناب اتنی دہائیوں بعد بھی پسماندہ ہے۔ میں اور میری پارٹی (ڈی پی اے پی) جموں و کشمیر کے تمام دور دراز علاقوں کی ترقی کے لیے پرعزم ہے جس نے وزیر اعلیٰ کے طور پر میرے دور میں ترقی کا ایک سنہرا دور دیکھا حالانکہ یہ ڈھائی سال کی مختصر مدت تھی“۔آزاد نے لوگوں کو جموں و کشمیر میں سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا کر امن دشمن عناصر کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تفرقہ انگیز عناصر خطے میں لوگوں کے درمیان امن کو خراب کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔آزاد نے کہا کہ ”وادی چناب اور پیر پنجال میں مختلف کمیونٹی کے درمیان مضبوط رشتہ اس بات کی واضح مثال ہے کہ کس طرح لوگ ہمسایوں میں امن کو خراب کرنے کی کوششوں کے باوجود ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزار کر اپنی اپنی برادریوں میں سیکولر اقدار کو برقرار رکھتے ہیں اور ان کی پاسداری کرتے ہیں۔ڈی پی اے پی کی قیادت اور پارٹی کارکنوں کو سماجی ہم آہنگی کے بندھنوں کو مضبوط اور جدوجہد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آزاد نے زور دیا کہ ترقی امن اور استحکام سے جڑی ہوئی ہے۔آزاد نے کہا ”جموں و کشمیر پہلے ہی 33 سال کی ملی ٹینسی کے دوران قیمتی جانوں کے زیاں، معیشت کے زوال، پسماندگی اور نظر اندازی کا شکار ہو چکا ہے، ہم خطے میں عدم استحکام کے متحمل نہیں ہو سکتے کیونکہ عناصر پر امن ماحول کا استحصال کرنے اور اسے خراب کرنے کے لیے موجود ہیں ،اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ چوکس اور متحد رہیں،“۔جلسہ عام سے پارٹی کے دیگرلیڈروں نے بھی خطاب کیا