پیرزادہ سعید
کرناہ //آزادی کا امرت مہوتسو اور میری مٹی میرا دیش مہم کے تحت کرناہ انتظامیہ نے ضلع یوتھ سروسز اور سپورٹس محکمہ کے تعاون سے ایک عظیم الشان ترنگا ریلی کا انعقاد کیا۔ اس ریلی میں منی سیکرٹریٹ ٹنگڈار میں ہزاروں طلباء، رضاکاروں، مقامی لوگوں اور ملازمین کی زبردست اور پرجوش شرکت دیکھی گئی۔
اس ریلی کی قیادت سب ڈویژنل مجسٹریٹ کرناہ ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے کی جبکہ تحصیلدار کرناہ اعیاد قادری ایس ایچ او کرناہ شفاعت آحمد زیڈ ای او ٹنگڈار شاہ محمد اور سول اور پولیس انتظامیہ کے دیگر افسران نے ریلی میں شرکت کی۔یہ ترنگا ریلی کرناہ کے مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی سب ڈویژن افس ٹنگڈار میں اختتام پذیر ہوئی۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم نے کہا کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی پورے سب ڈویژن میں میری مٹی میرا دیش پروگرام کے تحت نہ صرف شجرکاری کی تقریبات ہوئیں بلکہ ریلیاں بھی نکالی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سب ڈویژن میں اس دن کی مناسب سے جگہ جگہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا اور انتظامیہ نے اس کےلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ ایس ڈی ایم نے ‘میری مٹی، میرا دیش’ مہم میں سب سے آگے رہنے کے لیے اسکولی بچوں کی کوششوں کی تعریف کی اور ان تمام شرکاء کو بھی مبارکباد دی جنہوں نے ان مہمات کے تحت منعقد ہونے والی عظیم ترنگا ریلی اور دیگر تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔