سرینگر، 26 اگست، 2023/ حکومت اور کشمیر ڈویژن میں ضلع اور ذیلی ضلع کی سطح پر کام کرنے والے صحافیوں کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کرنے کے لیے، پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی)، سرینگر، وزارت اطلاعات و نشریات، حکومت ہند نے آج کپواڑہ ضلع میں میڈیا ورکشاپ ’وارتلاپ‘ کا انعقاد کیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں منعقدہ ورکشاپ کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ محترمہ آیوشی سوڈان نے کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ سوڈان نے ضلع کپواڑہ میں ورکشاپ کے انعقاد پر پی آئی بی سرینگر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی بھی حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہوئے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلق ایماندارانہ ہونا چاہیے کیونکہ اس کا فائدہ بالآخر عوام ہی کو حاصل ہوتا ہے۔ محترمہ سوڈان نے اس موقعے پر کپواڑہ ضلع انتظامیہ کے کام کاج کا جائزہ بھی لیا اور کہا کہ آنے والے وقت میں ضلع بہت ترقی دیکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا پیغام عوام تک پہنچانے میں میڈیا کا اہم کردار ہے اور اسے ہمیشہ درست معلومات فراہم کرنی چاہئیں کیونکہ بعض اوقات غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ بہت سے مسائل کو جنم دیتی ہے۔ محترمہ سوڈان نے میڈیا کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ انتظامیہ کو فیڈ بیک فراہم کریں تاکہ اس سے بہتر حکمرانی میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے پاس بہت زیادہ طاقت ہے اور میڈیا والوں کو چاہیے کہ وہ اس طاقت کا دانشمندی اور سمجھداری سے استعمال کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ طاقت کا غلط استعمال نہ ہو۔ اپنے خطبہ استقبالیہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر (میڈیا اینڈ کمیونیکیشن) پی آئی بی سرینگر، جناب طارق راتھر نے ورکشاپ کے انعقاد میں تعاون کے لیے ضلع انتظامیہ کپوارہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ورتالاپ ایک دو طرفہ مواصلات ہے اور ورکشاپ کا مقصد دور دراز مقامات پر کام کر رہے ذرایع ابلاغ کے نمائندوں تک پہنچنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کی کوششوں سے حکومت کے کام میں بہت آسانی ہوتی ہے کیونکہ یہ حکومت کی آنکھ اور کان کی طرح کام کرتا ہے۔ جناب راتھر نے کہا کہ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ حکومت کے میڈیا اکائیوں کی فراہم کردہ معلومات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں کیونکہ اس سے انہیں مکمل صورت حال کو دیکھنے میں مدد ملے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پی آئی بی مقامی اور علاقائی سطح پر رپورٹ ہونے والی خبروں کا بھی نوٹس لیتا ہے اور شکایات کے ازالے کے لیے اسے اعلیٰ حکام تک پہنچاتا ہے۔ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کپواڑہ، جناب منصور احمد نے دیہی ترقی محکمہ (آر ڈی ڈی) کپواڑہ کی کامیابیوں کا ایک جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی ڈی حکومت کا سب سے متحرک محکمہ ہے اور کپواڑہ ضلعے میں ضلع کی ترقی کے لیے حکومت کے مختلف پروگراموں کو بھرپور طریقے سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ جناب احمد نے کہا کہ منریگا اسکیم کی تمام تفصیلات اب آن لائن دستیاب ہیں اور شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بناتے ہوئے کسی بھی سطح پر بدانتظامی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپواڑہ کو پچھلے سال امرت سروور اسکیم کے نفاذ کے لئے پورے ملک کا بہترین ضلع قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے منصوبوں سے ضلع کی سیاحتی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر، کپواڑہ، ڈاکٹر محمد رمضان نے ضلع میں پی ایم جے اے وائی (گولڈن کارڈ) پر خصوصی توجہ کے ساتھ صحت کے شعبے کی کامیابیوں کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کپواڑہ کے 94 فیصد خاندانوں کو اسکیم کے دائرہ میں لایا گیا ہے اور ضلع میں اب تک 45,945 افراد اس اسکیم کے تحت فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ چیف ایجوکیشن آفیسر کپواڑہ، جناب عبدالحمید فانی نے ضلع میں نئی تعلیمی پالیسی این ای پی2020- کے نفاذ کی صورتحال کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ این ای پی-2020 کا مقصد پورے ملک میں تعلیمی شعبے میں انقلاب لانا اور اسے دنیا کے بہترین تعلیمی معیار کے برابر لانا ہے۔ جناب فانی نے کہا کہ کپوارہ میں اسکولوں میں داخلوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ این ای پی-2020 توقع کے عین مطابق اپنے نتائج دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں سے ڈراپ آو¿ٹ کی شرح کو کم کرنے کے لیے تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی کے تحت طلباءدوست نصاب تیار کیا جا رہا ہے اور طلباءکی ترجیحات اور دلچسپیوں کو پہچان کر انہیں اس سمت میں ڈھالنے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس سے قبل پروگرام میں میڈیا اینڈ کمیونیکیشن آفیسر پی آئی بی سرینگر جناب ماجد مشتاق پنڈت نے مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں قائم وزارت اطلاعات و نشریات کی مختلف اکائیوں کے کام کاج اور مینڈیٹ کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ اپنے اختتامی کلمات میں، جناب راتھر نے کہا کہ صحافیوں کو اپنے جائز مطالبات لے کر آگے آنا چاہئے اور اپنے مسائل کے حل کے لیے حکومت سے مدد لینا چاہئے۔ ورکشاپ کی کارروائی چلانے کے فرائض جناب طارق اے راتھر نے انجام دئے جبکہ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر، کپواڑہ جناب افتخار نسیم نے تحریک شکرانہ پیش کیا۔ جناب مدثر امین، میڈیا اینڈ کمیونیکیشن آفیسر، پی آئی بی جموں اور جناب عامر نوشہری، میڈیا اینڈ کمیونیکیشن آفیسر، پی آئی بی سرینگر بھی میڈیا ورکشاپ کے دوران موجود تھے۔ تکنیکی سیشنز کے بعد انٹرایکٹو سوال جواب کے سیشن ہوئے جس میں صحافیوں نے ماہرین سے بات کی اور مختلف اسکیموں اور پروگراموں کے بارے میں اپنے شکوک و شبہات کو دور کیا۔ صحافیوں نے ورکشاپ کے انعقاد پر پی آئی بی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ضلعے میں مستقبل میں بھی اسی طرح کے مزید ورکشاپوں کا انعقاد کیا جائے گا۔