پیرزادہ سعید
کرناہ //محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق کپوارہ ضلع کے سب ڈویژن کرناہ میں دوسرے روز بھی بھاری برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی۔کرناہ میں بھاری برف باری کے چلتے کرناہ کپوارہ شاہراہ دوسرے روز بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کےلئے بند رہی۔ شاہراہ پر سادھنا گلی کے مقام پر تین فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ ٹنگڈار میں دس انچ اور نیچیاں میں ایک فٹ برف جمع ہو چکی ہے ۔برسی برف میں اگرچہ محکمہ آر اینڈ بی نےاہم رابطہ سڑکوں سے برف ہٹائی تاہم جاڈہ سمیت کئی اوپری علاقوں کی سڑکیں بند ہیں کیونکہ خراب موسمی صورتحال کے چلتے ان علاقوں میں برف ہٹانے کے آپریشن میں دقتیں پیش آرہی ہیں۔ البتہ محکمہ لگاتار اہم رابطہ سڑکوں کو بحال کرنے میں لگا ہے ۔انتظامیہ نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ خراب موسمی صورتحال کے چلتے بالائی علاقوں کا سفر نہ کریں کیونکہ وہاں پسیاں اور پتھر گرنے کا احتمال ہے ۔ادھر بھاری برف باری کا سلسلہ آج پورا دن جاری رہا ہے جس سے بجلی نظام میں بھی خلل پڑا ہے البتہ محکمہ بجلی کی ٹیمیں بجلی بحال کرنے میں لگی ہیں ۔ادھر علاقے کے کنڈی دلدار بٹ پورہ مقام چنی پورہ میں سات انچ جبکہ لونٹھا شاٹھ پلہ سلمان ٹنگڈار میں دس انچ برف جمع ہے جبکہ نیچیاں شمسپورہ کچاڑیاں بڑوان میں ایک سے ڈیڑھ فٹ برف جمع ہو چکی ہے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس دوران معلوم ہوا ہے کہ کرناہ کے ٹنگڈار علاقے میں محمد ادریس خواجہ اور محمد الیاس خواجہ کے مکانوں کو درخت گرنے کی وجہ سے نقصان ہوا ہے۔