پہاڑی کلچرل کلب ٹنگڈار میں تعزیتی اجلاج
نامور ادیب اور اسکالرڈاکٹر غلام رسول آزاد بڈھانہ کو خراج عقیدت پیش
پیر زادہ سعید
کرناہ //نامور ادیب، اسکالر اور سابق ڈائریکٹر پی آئی بی انفارمیشن مرحوم ڈاکٹر غلام رسول آزاد بڈھانہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے کرناہ پہاڑی کلچرل کلب میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقہ کرناہ کی ادبی،
سیاسی اور سماجی تنظیموں سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔مرحوم 29 فروری2024 کو 72 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں ۔ تقریب کی صدارت غلام نبی بڈھانہ نے کی، جبکہ کرناہ کی ممتاز شخصیات ایڈوکیٹ محبوب الٰہی، عبدالرشید لون ،عبدالرشید قریشی ،میر حیدر ندیم بھی صدارت میں موجود تھے۔مقررین نے اس دوران غلام رسول آزاد کی زندگی اور خدمات پر روشنی ڈالی اور اُن کی علمی کاوشوں پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کی۔مقررین نے کہا کہ مرحوم بڈھانہ نے گوجری اور اُردو زبانوں میں بہت زیادہ کام کیا ۔مقررین نے اس دوران مرحوم آزاد بڈھانہ کی بطور صحافی اسسٹنٹ ایڈیٹر روزنامہ آفتاب اور چٹان ، محکمہ اطلاعات کے افسر اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات پر بھی روشنی ڈالی۔ معلوم رہے کہ غلام رسول آزاد بڈھانہ 1954 میں ہچمرگ چوکیبل کپواڑہ میں پیدا ہوئے۔انہوں نے گریجویشن کی ڈگری گورنمنٹ ڈگری کالج سوپور اور ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری کشمیر یونیوسٹی سے حاصل کی۔انہوں نے روزنامہ آفتاب اور چٹان میں اسسٹنٹ ایڈیٹر کے طور پر بھی کام کیا۔ اپنے پورے ادبی سفر میں، انہوں نے مختلف اخبارات میں کالم اور مضامین بھی لکھے ،انہوں نے جی ڈی سی سوپور میں لیکچرر کے طور پر بھی کام کیا اور نوکری چھوڑ کر محکمہ اطلاعات میں بطور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر شامل ہوئے اور ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن کی حیثیت سےسبکدوش ہوئے ،وہ گوجری اور اردو کے منجے ہوئے افسانہ نگار بھی تھے۔ گوجری ڈکشنری کے لیے کام کیا۔ اور گوجری ادبی تنظیم (ادبی سنگت کشمیر) قائم کی اور اس کے صدر بھی رہے۔ گوجری زبان، اردو ادب اور صحافت کے فروغ میں ان کی گراں قدر خدمات دنیا میں ہمیشہ گونجتی رہیں گی۔