پیرزادہ سعید
کرناہ //وادی بھر کے ساتھ ساتھ کرناہ میں بھی گذشتہ تین روز سے شدید بارشیں ہو رہی ہیں جس کے نتیجے میں نہ صرف ٹھنڈ میں اضافہ ہوا ہے ،بلکہ متعدد علاقوں میں پسیاں اور پتھر بھی گر رہے ہیں ۔نالہ قاضی ناگ اور بت موجی میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔شدید بارشوں اور تازہ برف باری کے پیش نظر سوموار کو ایک بار پھر کرناہ کپوارہ شاہراہ کو اختیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔کیونکہ شاہراہ پر پسیاں اور پتھر بھی گر رہے ہیں ۔ادھر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کپوارہ ضلع کے بالائی علاقوں میں بھاری بارشیں اور برفانی تودے گرنے کی وارننگ جاری کردی ہے اور لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ وہ خراب موسمی صورتحال کے چلتے بالائی علاقوں کا سفر نہ کریں کیونکہ وہاں پسیاں اور پتھر گرنے کا احتمال ہے۔ادھر کنڈی جاڈہ سڑک اور تکیا ہری ڈل بادرکوٹ سڑک کی تعمیر کے دوران پانی کی نکاسی کا کوئی بھی انتظام نہیں رکھا گیا ہے جس سے پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو رہا ہے ۔بادرکوٹ کے لوگوں نے الزام لگایا کہ پہاڑی کو کاٹ کر سڑک تعمیر کی گئی ۔ اس سڑک کا فائدہ تو نہیں ہے بلکہ لوگوں کے لئے یہ سڑک پریشانی کا سبب بن رہی ہے ۔سڑک کے کناروں پر بنڈ اور پانی کے نکاس کا کوئی بندوبست نہ ہونے کے نتیجے میں پانی لوگوں کے گھروں میں گھس رہا ہے۔ کیونکہ سڑکوں کی تعمیر کے دوران پانی کے نکاس کا کوئی بھی بندوبست نہیں کیا گیا ہے۔ادھر کلٹھا ،کھڑی ،بادرکوٹ ہیبکوٹ گھنڈی گجران ۔گھنڈی شاٹھ اور دیگر علاقوں میں پتھر گر رہے ہیں ۔