پیرزادہ سعید
کرناہ //حالیہ بارشوں کے نتیجے میں کرناہ کے متعدد علاقوں میں رہائشی مکانوں میں پانی داخل ہوا ہے جبکہ متعدد مکانات زمین کھسکنے کی وجہ سے نقصان سے دوچار ہوئے ہیں ۔ ٹنگڈار کے بکھایاں گائوں میں کئی ایک مکانوں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ کنڈی راجہ محلہ میں وقار احمد خان سجاد احمد خان سمیت دیگر کئی مکانوں کو خطرات لاحق ہیں کیونکہ
مکانوں کے سامنے کی دیواریں گرنے سے مکان کو شدید خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔گذشتہ رات وقار احمد خان اور أن کے کنبے کو مقامی لوگوں کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیاتھا۔ادھر جاڈہ سڑک کی تعمیر کے دوران سڑک کے کناروں پر بنڈ اور پانی کے نکاس کا کوئی بھی بندوبست نہیں کیا گیا جس کے باعث پیر محلہ کنڈی میں عادل حسین اور اشفاق احمد کے مکانوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں ۔عادل حسین نے بتایا کہ انہوں نے متعدد بار حکام کو آگاہ کیا کہ مکانوں کے اردگرد کنکریٹ بنڈ وغیر تعمیر کئے جائیں لیکن اس جانب کوئی بھی توجہ نہیں دی جا رہی ہے ۔اسی طرح گبرہ ٹاڈ ٹیٹوال گھنڈی گجراں گھنڈی شاٹ سمیت دیگر گائوں میں بھی پتھر اور پسیاں گر آئی ہیں ۔حالیہ بارشوں کے باعث گھنڈی سیداں چترکوٹ ۔بٹ پورہ بٹلاں اور دیگر سڑکوں پر پسیاں اور پتھر گر آئے آگرچہ ان سڑکوں کو قابل آمد ورفت بنانے کےلئے مشنری کو استعمال میں لایا گیا ہے۔ البتہ متعدد علاقوں کے لوگوں کی شکایت ہے کہ وہاں نو تعمیر شدہ سڑکوں کی تعمیر کے دوران اس بات کا قطعی طور خیال نہیں رکھا گیا ہے کہ وہاں پانی کے نکاس اور بنڈ وغیرہ تعمیر کرنے کےلئے کوئی بندوبست جائے جائے ۔تکیہ ہری ڈل ۔باردرکوٹ سڑک پر پسیاں اور پتھر گر رہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کا فائدہ لوگوں کو کم اور نقصان زیادہ ہے صرف پہاڑ کو کاٹ کر یہ سڑک تعمیر کی گئی مگر آج تک ایک بھی گاڑی اس سڑک سے نہیں چلی الٹا نقصان یہ ہو رہا ہے کہ وہاں جو مکان ہیں أن کو خطرہ لاحق ہے اور پسیاں گرنے کے علاوہ لوگوں کی زمیں بھی تباہ ہو رہی ہے ۔ایسا ہی حال کنڈی ٹنگواڑی سڑک کا بھی ہے تعمیر میں تاخیر اور غیرمنصوبہ بندی کے نتیجے میں یہ سڑک بھی بارشوں کے دوران لوگوں کےلئے پریشانی کا سبب بن رہی ہے ۔سابق ایم ایل اے کرناہ ایڈوکیٹ راجہ منظور نے خالیہ بارشوں سے ہوئے نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انتظامیہ نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کےلئے ٹیموں کو روانہ کیا جائے تاکہ نقصان کا تخمینہ لگایا جا سکے ۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرناہ میں بارشوں سے بہت سے علاقوں میں مکانوں کو نقصان پہنچا ہےجبکہ کئی علاقوں میں پتھر اور پسیاں بھی گر آئی ہیں ۔