پیر زادہ سعید
کرناہ //کرناہ کی سادھنا ٹاپ پر تازہ 4 انچ برف جمع ہونے کے ساتھ ہی انتظامیہ نے کرناہ کپوارہ ،شاہراہ کو اختیاطی طور پر گاڑیوں کی آمد ورفت کےلئے بند کر دیا ہے، کیونکہ شاہراہ پر پسیاں اور پتھر گر آنے کا احتمال ہے ۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق کپواڑہ ضلع کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں موصلادار بارشوں کا سلسلہ گذشتہ رات سے وقفے وقفے سے جاری رہا ۔سنیچر کوپورا دن کرناہ ،کے ٹنگڈار اور ٹیٹوال بلاکوں میں بارشیں ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا بلکہ ان علاقوں میں گلی کوچے بھی پانی سے بھر گئے ۔اسی طرح دور افتادہ علاقوں جن میں گھنڈی سیداں سے گھنڈی گجراں ، چترکوٹ سے چامبرہ ، ہری ڈل سڑکوں پر ایک بار پھر پھسلن پیدا ہوئی ہے جس کے سبب گاڑیوں کو چلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ضلع کے بالائی علاقے جن میں پھرکیاں ٹاپ ، سادھنا ٹاپ ، بنگس وادی ، شمس بھری پہاڑی ، راگنی اور ٹایا میں تازہ برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔تازہ برف باری کے پیش نظر دن کے درجہ حرارت میں جہاں شدید کمی واقعہ ہوئی ہے۔ وہیں ضلع کو کرناہ سے ملانے والی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت میں بھی خلل پڑا ہے اور خراب موسمی صورتحال کے چلتے انتظامیہ نے لوگوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس شاہراہ پر اختیاطی طور پر گاڑیوں کی آمد ورفت کو بند کر دیا ہے، کیونکہ وہاں برف باری سے پیساں اور پتھر گرنے کا اہتمام ہے ۔تازہ اطلاعات ملنے تک شاہراہ پر ڈنا ، سادھنا ٹاپ ،موریاں ،خوانی نالہ کے مقامات پر تازہ چار سے پانچ انچ برف جمع ہو چکی تھی اور بارشوں کے ساتھ ساتھ برف باری کا سلسلہ جاری تھا ۔ادھر کیرن کی پھرکیاں ٹاپ پر بھی برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ مژھل کی زیڈ گلی پر برف باری اور میدانی علاقوں میں شدید بارشوں سے وہاں معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے ۔ رپورٹ کرنے تک یہ سڑکیں اگرچہ ابھی تک کھلی تھیں، البتہ جس طرح سے اگلے 24گھنٹوں تک شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے اس سے ان سڑکوں کے بند ہونے کا بھی احتمال ہے ۔انتظامیہ نے لوگوں سے تعلق کی ہے کہ وہ خراب موسمی صورتحال کے چلتے بالائی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں کیونکہ وہاں پسیاں اور پتھروں کے گرنے سے نقصان ہو سکتا ہے ۔