کرناہ میں محکمہ تعلیم کی لمبرداروں اور چوکیداروں سے میٹنگ
علاقے کے تعلیمی منظر نامے سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال
پیرزادہ سعید
کرناہ //زونل ایجوکیشن آفیسر ٹنگڈار/چھمکوٹ شاہ محمد نے کرناہ کے لمبرداروں اور چوکیداروں کے ساتھ ایک غیر معمولی میٹنگ کی صدارت کی ،جس دوران علاقے کے تعلیمی منظر نامے سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال
کیاگیا ۔میٹنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ تمام اسٹک ہولڈرس کے بغیر علاقے میں بہتر تعلیم کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ہے اور تعلیم کو ترقیاتی ایجنڈے میں اعلیٰ ترجیح دینے کے لیے محکمہ تعلیم کے ساتھ سول
سوسائٹی کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ” سول سوسائٹی تعلیمی پالیسیوں کی تشکیل اور پروگراموں کی نگرانی میں مدد کرتی ہے اور حکومتوں کو تعلیم کے حق کو پورا کرنے کے لیے ان کے فرض کے لیے جوابدہ ٹھہراتی
ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے۔شاہ محمد نے اپنے خطاب میں علاقہ بھر سے آئے سربراہ اور سول سوسائٹی کے نمائندے سے کہا کہ یہ آپ کی اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ آپ تعلیمی اداروں کے کام کاج کو دیکھیں تاکہ NEP 2020 کے تحت مختلف اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جائے اور مطلوبہ اہداف حاصل کیے جاسکیں۔شاہ محمد نے والدین اور معاشرے کے دیگر نمائندوں کی شمولیت پر بھی زور دیا،انہوں نے کہا کہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ والدین داخلے کے وقت یا حتمی نتائج کے وقت اسکولوں میں آتے ہیں ،باقی دنوں میں وہ کوئی دلچسپی نہیں رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کےلئے انہیں محکمہ کے ساتھ تال میل رکھنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی دلچسپی، تعلیمی نظام کو بلند کرنے میں ایک اہم رول ادا کرے گی ۔ اجلاس تمام اسٹیک ہولڈرز کے اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ وہ علاقے میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔
لمبرداروں اور چوکیداروں نے افسر کو یقین دلایا کہ وہ چھوٹے بچوں کے مستقبل اور تعلیم کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔