جموں خطے میں بڑھتے حملوں کے بعد سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا
حملوں میں ملوث ملی ٹنٹوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی سیکورٹی فورسز کو ہدایت دی.
پیرذادہ سعید
سرینگر // جموں خطے میں بڑھتی ملی ٹنٹ سرگرمیوں کے بیچ فوجی سربراہ جنرل اوپیندر دیودی ہنگامی دورے پر جموں واردد ہوئے جس دوران انہوں نے اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے تمام صورتحال کی جانکاری لی ۔ سی این آئی کے مطابق فوجی سربراہ جنرل اوپیندرا دیودی دیگر افسران کے ہمراہ ہنگامی دورے پر سنیچروار کو جموں پہنچ گئے جس کے بعد انہوں نے پولیس ہیڈ کواٹر جموں میں آپریشنل تیاریوں کا بھی جائزہ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ فوجی سربراہ سہ پہر پولیس ہیڈ کواٹر جموں پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔میٹنگ میں جموں کشمیر پولیس اور فوج کے اعلیٰ افسران خاص طور پر جموں کشمیر پولیس سربراہ آر آر سوئن ، فوج کے شمالی کمان اور سرینگر میں مقیم 15ویں کور کمانڈر ، اے ڈی جی پی جموں ، نائب وائٹ کارپس کے کمانڈر سمیت دیگر پولیس و فوجی افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران انہوں نے جموں خطے میں مکمل سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ جموں خطے میں ملی ٹنٹ حملوں کے بعد جنگلات میں جاری تلاشی آپریشن کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کر لی ۔میٹنگ کے دوران فوجی سربراہ کا کہنا تھا کہ فوج کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر قومی سلامتی کے چیلنج ہیں ۔دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران فوجی سربراہ نے ملی ٹنوں کیخلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت دی اور ساتھ ہی انہوں نے فوج و پولیس افسران کو ہدایت دی کہ وہ ملی ٹنٹوں کیخلاف آپریشن تیز کرکے فوجی اہلکاروں کی ہلاکت میںملوث ملی ٹنٹوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کارورائی انجام دیں تاکہ آئندہ اس طرح کا کوئی بھی واقعہ پیش نہ آئیں ۔