اشفاق احمد لون
کپواڑہ: سرحدی اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کو معیاری اور اخلاقی تعلیم فراہم کرنے کی غرض سے معروف صحافی اشفاق سعید نے ڈیڑھ سال قبل نیولائٹ پبلک ماڈل اسکول چترکوٹ کرناہ کی باگ دوڑ سنبھالی۔ اس وقت اسکول کی حالت کافی خراب تھی، اور کووڈ-19 کی وبا کے باعث بند ہونے کے قریب تھا۔ تاہم، اشفاق سعید کی انتھک کوششوں کی بدولت آج اس اسکول میں 130 بچے زیر تعلیم ہیں۔
اشفاق سعید نے جب دو سال قبل اس اسکول کی نگرانی سنبھالی تھی، تب وہاں صرف 27 بچے زیر تعلیم تھے۔ اب یہ اسکول کرناہ کے بلاک ٹیٹوال میں ایک معروف تعلیمی ادارہ بن چکا ہے، جہاں بچوں کو پڑھانے کے لئے بہتر اور قابل اساتذہ موجود ہیں اور اخلاقی تعلیم پر بھی خاص توجہ دی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ، اسکول میں بچوں کے کھیلنے کے لئے تین کنال اراضی پر مشتمل ایک گراؤنڈ بھی موجود ہے، اور کلاس رومز جدید طرز پر بنائے گئے ہیں۔ نرسری کلاسز میں بچوں کو ڈیجیٹل طرز پر تعلیم دی جا رہی ہے، جس سے بچوں کی تعلیمی صلاحیتوں میں مزید بہتری آ رہی ہے۔ اسکول گراؤنڈ میں بچوں کے کھیلنے کے لیے تمام ضروری ساز و سامان بھی دستیاب ہے۔
نیولائٹ پبلک ماڈل اسکول چترکوٹ کرناہ، آج علاقے کا ایک قابل ذکر تعلیمی ادارہ بن چکا ہے، جو بچوں کی تعلیمی اور اخلاقی ترقی کے لئے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے۔