پیرزادہ سعید
کرناہ// جیت درج کرنے کے بعد این سی لیڈر جاوید مرچال کرناہ پہنچے جہاں ان کے حامیوں نے نہ صرف جشن منایا بلکہ پٹاخے بھی سر کئے گے ۔جاوید مرچال حال ہی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں این سی ٹکٹ پر کرناہ کی سیٹ جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنے مدمقابل پیپلز کانفرنس کے نصیر احمد عوان کو 6ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی ہے ۔کرناہ میں 8امیدوار میدان میں تھے، تاہم جاوید مرچال جنہیں این سی نے اس بار ٹکٹ دیا تھا وہ 6187ووٹوں سے جیت درج کرچکے ہیں ۔جاوید مرچال کل پورا دن جیت کے بعد چوکی بل اور اس کے ملحقہ علاقوں میں لوگوں کا شکریہ ادا کرنے پہنچے،جہاں ان کا لوگوں نے والہانہ استقبال کیا۔بدھ کو قریب ایک بجے جاوید مرچال کرناہ پہنچے جہاں ڈھول باجے کے ساتھ ان کا والہانہ استقبال لوگوں نے کہا ۔کرناہ کے لوگ سادھنا تک گاڑیوں میں پہنچے تھے،جہاں سے مرچال کو ریلی کی صورت میں کرناہ پہنچایا گیا ،جگہ جگہ جاوید مرچال کا لوگوں نے استقبال کیا ،پھولوں کی مالائیں پہنائیں اور ان پر مٹھائیاں پھینکیں گئیں ۔جاوید مرچال نے اس دوران لونٹھا پبلک پارک میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ جو پیار محبت جاوید مرچال کو ملا ہے اس کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا ،اور میں لوگوں کےلئے لیڈر بن کر نہیں بلکہ خادم بن کر کام کروں گا ۔جاوید مرچال نے کہا کہ کچھ لیڈران ان کی زات کو نشانہ بنا رہے تھے، تو کچھ نے ان پر علاقی سیاست کا الزام لگایا لیکن لوگوں نے ان کے عزائم کو چکنا چور کر دیا اور اپنا ووٹ سچائی اور تعمیر وترقی کو دیا ۔نو منتخب ایم ایل اے کرناہ جاوید مرچال نے کہا کہ میں کرناہ کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ کرناہ کے ادھورے تعمیراتی کاموں کو پائے تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور یہاں صحت اور تعلیمی شعبے کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی ۔جاوید مرچال نے مزید کہا کہ اگر وہ علاقی سیاست کرتے تو پھر ان کے آبائی علاقے سے انہیں سب سے زیادہ ووٹ ملتے ،لیکن مجھے کپوارہ کے شالورہ سے لیکر کرناہ کے آخری گائوں سیماری کے لوگوں نے ووٹ دے کر کامیاب کیا، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ میں علاقی سیاست پر اعتبار نہیں رکھتا بلکہ پورے اسمبلی حلقہ کو ساتھ لیکر چلنے کی توفیق اللہ تعالٰی نے مجھے عطاء فرمائی ہے ۔شام دیر گے مرچال گبرہ پہنچے جہاں ان کے گھر پر لوگوں کا تانتا بندھا تھا اور جاوید کو مبارکباد دینے کےلئے کرناہ کے کونے کونے سے لوگ پہنچے تھے ۔جاوید مرچال اس سے قبل پی ڈی پی کے دوران میں قانون سازیہ کے رکن بھی رہ چکے ہیں جبکہ سال 2019 میں انہوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی تاہم بعد میں انہیں این سی نے ٹکٹ دے کر کرناہ اسمبلی حلقہ سے امیدورار تسلیم کر کے الیکشن لڑوایا اور جیت درج کی ۔