Posted On: 11 OCT 2024 1:04PM by PIB Delhi
پی ایم گتی شکتی پہل کے تحت نیٹ ورک پلاننگ گروپ (این پی جی) کی 81ویں میٹنگ کل صنعت اور داخلی تجارت کے فروغ کے محکمے(ڈی پی آئی آئی ٹی) کے ایڈیشنل سکریٹری جناب راجیو سنگھ ٹھاکر کی قیادت میں منعقدکی گئی۔ میٹنگ میں سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت (ایم او آر ٹی ایچ) اور شہری ہوا بازی کی وزارت (ایم او سی اے) کے بنیادی ڈھانچے کے پانچ اہم پروجیکٹوں کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ پروجیکٹوں کا پی ایم گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان (این ایم پی) میں بیان کردہ مربوط منصوبہ بندی کے اصولوں کے ساتھ ان کی صف بندی کے لیے جائزہ لیا گیا۔ ان منصوبوں کے جائزے اور متوقع اثرات کی ذیل میں تفصیل دی گئی ہے۔
اتر پردیش میں ورنداون بائی پاس
اتر پردیش میں ایک گرین فیلڈ پروجیکٹ میں 16.75 کلومیٹر کے ورنداون بائی پاس کی تعمیر شامل ہے، جو یمنا ایکسپریس وے کو این ایچ- 44 سے جوڑتی ہے۔ مذکورہ پروجیکٹ کا مقصد این ایچ – 44 اور یمنا ایکسپریس وے کے درمیان سیدھا راستہ فراہم کرکے ورنداون میں ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنا ہے، جس سے سفر کے وقت میں کمی آئے گی اور یہ سفر جو ڈیڑھ گھنٹے کا تھا، 15 منٹ میں ممکن ہوگا۔ توقع ہے کہ اس منصوبے سے روابط میں اضافہ ہوگا اور خطے میں سیاحت، تجارت اور صنعتی ترقی کو تحریک حاصل ہوگی۔ اس کی تکمیل کے بعد، یہ علاقائی رسائی کو بہتر بنانے اور سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مدھیہ پردیش میں سندل پور-باڑی روڈ
ایک گرین فیلڈ / براؤن فیلڈ پروجیکٹ جس میں مدھیہ پردیش میں 142.26 کلومیٹر میں پھیلے ہوئے این ایچ – 146B کا حصہ، سندل پور-باڑی روڈ پر 4 لین والی شاہراہ کی تعمیر شامل ہے۔ اس پروجیکٹ کا مقصد اندور اور جبل پور کے درمیان رابطے کو بہتر بنانا، ٹریفک کی بھیڑ بھاڑ کو آسان بنانے کو فروغ دینا اور خاص طور پر بھوپال میں بھیڑ بھاڑ کو کم کرنا ہے۔ مجوزہ راستہ ایک اہم لنک کے طور پر کام کرے گا، جو متعدد قومی شاہراہوں اور مختلف اقتصادی اور سیاحتی مراکز کو جوڑتا ہے، جس سے خطے میں سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ حاصل ہو گا۔
مہاراشٹر میں جنّر- تالا گھر روڈ
ایک براؤن فیلڈ پروجیکٹ جس میں پونے، مہاراشٹر میں جنّر سے تالاگھر تک 55.94 کلومیٹر طویل سڑک کی جدید کاری شامل ہے۔ اس پروجیکٹ کا کلیدی مقصد بھیماشنکر، جنر، بنکر پھٹا، اور قومی شاہراہ نمبر 61 کے درمیان رابطے کو بڑھانا ہے، جس سے کارگو اور مسافروں کی نقل و حرکت میں اضافہ ہو گا۔ اس بہتری سے ، توقع ہے کہ خاص طور پر بھیماشنکر (ایک اہم زیارت گاہ) اور جنر (تاریخی شیونری قلعہ) میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔
مہاراشٹر میں بھیماشنکر – راج گرو نگر روڈ
براؤن فیلڈ کے ایک پروجیکٹ کا مقصد پونے، مہاراشٹر میں 60.45 کلومیٹر طویل سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا ہے۔ یہ پروجیکٹ بھیماشنکر اور راج گرو نگر کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے، کارگو اور مسافروں کی نقل و حرکت کو آسان بنانا ہے، جس سے اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھاوا ملے گا اور مارکیٹ تک رسائی میں آسانی ہوگی ۔ مزید یہ کہ ، مذکورہ منصوبے سے راستے میں دور دراز کی آبادیوں کے لیے تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کی خدمات تک رسائی میں بھی بہتری آئے گی۔ بہتر سڑک کے بنیادی ڈھانچے سے سفر کے وقت اور لاگت میں کمی آئے گی، مسافروں اور کاروباری افراد کو فائدہ پہنچے گا، اور علاقے کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ حاصل ہو گا۔
نئی مربوط ٹرمینل بلڈنگ اور الائیڈ انفراسٹرکچر، بڈگام، جموں و کشمیر کی ترقی
براؤن فیلڈ کا ایک اور پروجیکٹ ہے، جس میں جموں اور کشمیر کے بڈگام میں سری نگر ہوائی اڈے پر ایک نئی مربوط ٹرمینل عمارت اور اس سے منسلک بنیادی ڈھانچے کی تعمیر شامل ہے۔ اس توسیع میں 71,500 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلی ایک نئی ٹرمینل عمارت کی تعمیر شامل ہے، جس میں 2900 مسافروں کی آمدورفت اور 10 ملین مسافروں کی سالانہ گنجائش ہو گی۔ اضافی کاموں میں پارکنگ کی نئی سہولت کے ساتھ تہبند کی توسیع، شہر کی طرف پارکنگ کی سہولیات، اوراے اے آئی عملے اور سی آئی ایس ایف بیرکوں کے لیے رہائشی کوارٹرز کی تعمیر شامل ہیں۔
این پی جی نے تمام پانچ پروجیکٹوں کا پی ایم گتی شکتی کے ضابطوں کے نقطہ نظر سے جائزہ لیا: جن ضابطوں میں کثیر ماڈل بنیادی ڈھانچے کی مربوط ترقی، اقتصادی اور سماجی مراکز کے لیے آخری میل کنیکٹوٹی، انٹر ماڈل کنیکٹی ویٹی، اور پروجیکٹوں کے ہم آہنگی سے نفاذ شامل ہیں۔ توقع کی جاتی ہے کہ یہ منصوبے ملک کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریں گے، اور خاطر خواہ سماجی و اقتصادی فوائد اور زندگی میں سہولت فراہم کریں گے، اس طرح یہ خطوں کی مجموعی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔