پیرزادہ سعید
کرناہ// پہاڑی کلچرل کلب کرناہ میں بھارتی فوج کی جانب سے ایک پہاڑی قوی سمیلن کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ کرناہ کے شعراء حضرات کے علاوہ وادی سے تعلق رکھنے والے پہاڑی زبان کے شعراء حضرات نے شرکت کر کے اپنے اپنے کلام پڑھے اور وہاں موجود لوگوں سے دات حاصل کی ۔اس مشاعرے کا مقصد گوجر اور پہاڑی طبقہ کے شعراء حضرات کو اکٹھا کرنا تھا ۔تقریب میں 104انفنٹری برگیڈ کے کمانڈر کے علاوہ فیلڈ ریجمنٹ کے سی او اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے ۔اس قوی سمیلن کی صدارت علاقہ کے معروف پہاڑی گلوکار شاعر اور قوی عبدالرشید قریشی نے انجام دی ۔جبکہ عبدالرشید لون غمگین ،میر حیدر ندیم ،افتخار قریشی ،سجاد قریشی ،شاہ محمد ،سمیت وادی سے آئے شعراء حضرات نے اپنے اپنے کلام پڑھے اور وہاں موجود لوگوں سے دات حاصل کی۔اس موقع پر اپنے خطاب میں رشید قریشی نے فوج کا ایسے پروگراموں کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ فوج نے ہمیشہ انہیں اپنے ورثے اور ثقافت کو زندہ رکھنے میں مدد کی اور جب جب انہیں فوج کی مدد کی ضرورت پڑھی فوج ان کےساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہی ۔رشید قریشی نے نئے شعراء حضرات سے کہا کہ انہیں اور زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ایک شاعر تب ہی چند کلام لکھتا اور پڑھتا ہے جب أسے کسی مشاعرے میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔لیکن شاعروں کو ہر دن کچھ نہ کچھ ایسا تحریر کر کے رکھنا ہو گا جو ان کے پاس ذخیرہ رہے ۔رشید قریشی نے اس دوران اپنا کلام جس کا عنوان ‘پھیری والا ‘تھا پڑھ کر سنایا ۔104انفنٹری برگیڈ کے کمانڈر نے مشاعرے میں شرکت کرنے والے شعراء حضرات کی تعریف کی ۔انہوں نے یقین دلایا کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی فوج یہاں کے کلچرل کو فروغ دینے کےلئے ایسے پروگراموں کا انعقاد کرے گی ۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایسے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ یہاں کی تہذیب اور ثقافت کو زندہ رکھا جا سکے ۔آخر پر شعراء حضرات کو اعزاز سے بھی نوازہ گیا ۔تقریب میں نظامت کے فرائض صحافی زبیر قریشی نے انجام دئے ۔