پیرزادہ سعید
کرناہ //کپواڑہ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ واقع تحصیل کرناہ میں فوج کی جانب سے منعقدہ دو روزہ ثقافتی میلہ جمعرات کو اختتام پزیر ہوا۔ میلے میں شکتی وجے برگیڈ کے کمانڈر مہمان خصوصی تھے،جنہوں نے اس میلے کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا ۔ جبکہ فوج اور پولیس کے اعلی افسران سمیت سیول سوسائٹی ،سابق پنچایتوں کے اراکین ، کرناہ کلچرل کلب کے عہدران اور اسکولی بچوں نے بھی اس میلے میں شرکت کی ۔ حاجی ناڑ باغ بیلہ ہیلی پیڈ پر 16اور 17اکتوبر کو منعقدہ اس میلے میں علاقہ کے اسکولی بچوں نے نہ صرف لوک ناچ کر کے وہاں موجود لوگوں سے دات حاصل کی بلکہ انہیں انعامات سے بھی نوازہ گیا ۔ثقافتی میلے میں کرناہ شائنگ بینڈ سے وابستہ فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور ان کی پرفارمنس سے وہاں موجود شائقین بھی جومنے لگے ۔ مقامی فنکاروں نے روایتی موسیقی کے آلات کے ساتھ لوک گیتوں کے ساتھ سامعین کو مسحور کیا ۔علاقے کے معروف شعراء جن میں عبدالرشید قریشی، عبدالرشید لون غمگین، میر حیدر ندیم ، افتخار قریشی، عبدالروف قریشی نے پہاڑی زبانوں میں اپنے کلام پڑھے۔جن کو وہاں موجود لوگوں نے پسند کیا اور انہیں دات دی ۔پرفارمنس کے علاوہ مقامی کھانوں، روایتی ملبوسات اور کرناہ کے مخصوص نمونوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف اسٹالز لگائے گئے تھے۔ اس تقریب میں خطے کے مشہور سرخ چاول، کڈنی بینز (راجمہ) اور دیگر خاص قسم کی زرعی مصنوعات بھی پیش کی گئیں، جو زائرین کو کرناہ کی منفرد زرعی ثقافت کا ذائقہ پیش کرتی ہیں۔ مقامی اسکولوں کے بچوں نے میلے میں رقص، اسکیٹس اور پینٹنگ کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ ان کی شاندار پرفارمنس نے علاقے کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا، جس سے تقریب کی ثقافتی رونق میں مزید اضافہ ہوا۔ میلے کی ایک خاص بات یہ تھی کہ وہاں موجود مہمانوں کےلئے روایتی پہاڑی کھانے کا انتظام کیا گیا تھا جس کو مقامی لوگوں نے تیار کیا تھا ۔میلے کے دوران ایک مفت میڈیکل کیمپ بھی کیا گیا جبکہ باغبانی اور پھولوں کی زراعت سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے والے اسٹالز بھی وہاں نصب گئے تھے ۔
۔