کپواڑہ // نیوز ڈیسک
کامراج ڈویژن کے نارتھ لولاب کے چیرکوٹ بلاک میں واقع کمپارٹمنٹ نمبر 95/96NL میں جنگلات کی بے تحاشا کٹائی زوروں پر ہے۔
ذرائع کے مطابق، ان کمپارٹمنٹوں میں بڑے دیودار درختوں سے لے کر چھوٹے درختوں تک کاٹنے کا سلسلہ جاری ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اسمگلر دن کو درختوں کی کٹائی کر کے انہیں شام کے وقت نیچے لے آتے ہیں اور پھر یہ لکڑی مختلف گاہکوں تک پہنچائی جاتی ہے۔
افسوسناک طور پر محکمہ جنگلات کا فیلڈ اسٹاف اس غیر قانونی کارروائی میں ملوث پایا گیا ہے اور بظاہر اسمگلروں کی نگرانی کرتے نظر آتے ہیں۔
متعلقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں بلاک فارسٹر کو متعدد بار آگاہ کیا گیا ہے،
لیکن تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بلاک فارسٹر اور دیگر عملہ اسمگلروں کے ساتھ ملی بھگت کر کے اپنا حصہ وصول کرتے ہیں اور خاموشی اختیار کر لیتے ہیں۔
مقامی افراد نے متعلقہ حکام بشمول رینج آفیسر نارتھ لولاب، ڈی ایف او کامراج، اور دیگر اعلیٰ افسران سے اس سنگین مسئلے کی تحقیقات اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔