کپواڑہ // کرناہ کے دور افتادہ علاقے ٹیٹوال سے تعلق رکھنے والے 15 طلباء اور دو اساتذہ پر مشتمل ایک ٹیم آج گجرات کے ایک تعلیمی اور ثقافتی دورے سے واپس لوٹ آئی، جو 89 بٹالین بی ایس ایف کے زیر اہتمام “بھارت درشن ٹور” کے تحت منعقد کیا گیا تھا۔ اس دورے کا مقصد قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور طلباء کو بھارت کے متنوع ورثے سے روشناس کرانا تھا۔ یہ دورہ بی ایس ایف کے ڈپٹی کمانڈنٹ شری انوپ شکلا کی قیادت میں مکمل ہوا۔یہ قافلہ 26 جنوری 2025 (یوم جمہوریہ) کے موقع پر آئی جی ایف ٹی آر ہیڈکوارٹر بی ایس ایف کشمیر، شری اشوک یادو، آئی پی ایس کے ہاتھوں روانہ کیا گیا تھا۔ طلباء نے اس دوران احمد آباد کے تاریخی مقامات، سومناتھ سمندر کنارے، کیواڑیہ میں واقع مشہور “اسٹیچو آف یونٹی” اور نیشنل پارک جیسے مقامات کی سیر کی۔ اس کے علاوہ، واپسی پر سری نگر میں بھی مقامی سیاحت میں حصہ لیا۔یہ منصوبہ نہایت باریک بینی سے بریگیڈیئر ایم ڈی اپادھیائے (ریٹائرڈ)، ڈی آئی جی ایس ایچ کیو بی ایس ایف کپواڑہ اور پردیپ کمار، کمانڈنٹ 89 بٹالین بی ایس ایف کی جانب سے نہایت باریک بینی سے منصوبہ بندی اور نگرانی کے تحت مکمل کیا گیا۔ اس دورے نے طلبہ کو ہندوستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کا تجربہ حاصل کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کیا، جس سے ان میں حب الوطنی اور خود اعتمادی کا گہرا جذبہ پیدا ہوا۔والدین اور طلبہ نے اس سفر کے انعقاد پر بی ایس ایف کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شری پردیپ کمار، کمانڈنٹ 89 بٹالین بی ایس ایف نے کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے بی ایس ایف کے عزم کا اعادہ کیا اور اعلان کیا کہ آنے والے مہینوں میں مزید ایسے بھارت درشن ٹورز منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں میں قومی شعور کو مزید فروغ دیا جا سکے۔