سرینگر، 18 فروری (جے کے این ایس): جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (JKBOSE) ایک اور تنازع میں گھر گیا ہے۔ دسویں جماعت کے سوشل سٹڈیز کے امتحانی پرچے میں ایک سنگین غلطی سامنے آئی، جس میں ایک سوال کے جوابی اختیارات غلط درج کیے گئے، جس پر والدین اور طلبہ نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔
پرچے میں سوال یوں درج تھا: “انڈین نیشنل کانگریس کے پہلے صدر کون تھے؟ لیکن دیے گئے جوابات میں کوئی بھی جواب درست نہیں تھا۔ بورڈ کی جانب سے درج ذیل آپشنز دیے گئےتھے :
(A) اے او ہیوم
(B) مہاتما گاندھی
(C) سورندر ناتھ بینرجی
(D) لالہ لجپت رائے
قابل ذکر بات ہے کہ اس سوال کاصحیح جواب “وو میش چندر بینرجی” ہے، جو ان آپشنز میں شامل ہی نہیں تھا۔
یہ واقعہ جے کے بورڈ میں پچھلے کچھ مہینوں سے سامنے آ رہے مختلف مسائل کی فہرست میں ایک اور اضافہ ہے۔ پہلے ہی درسی کتابوں میں غلطیاں، نصابی کتابوں کی قلت اور بورڈ کے چیئرمین کی غیر موجودگی جیسے مسائل خبروں میں رہے ہیں۔
اس کے علاوہ 22 طلبہ کو امتحانی فارم بھرنے سے محروم رکھا گیا، جبکہ ایک طالبہ کو تکنیکی خرابی کی وجہ سے رول نمبر سلپ جاری نہیں کی گئی۔ اب سوالیہ پرچے میں اس سنگین غلطی نے والدین اور طلبہ میں مزید بے چینی پیدا کر دی ہے۔
سرینگر کے ایک مقامی رہائشی بشیر احمد نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“جے کے بورڈ ہمارے بچوں کے مستقبل کے ساتھ کیوں کھیل رہا ہے؟ کیا وہ کشمیری طلبہ کا مستقبل خراب کرنے کے لیے جان بوجھ کر ایسی غلطیاں کر رہے ہیں؟ ہم اس پر جواب چاہتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ عمر صاحب اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اس معاملے میں مداخلت کریں۔”