سرینگر، 19 فروری جے کے این ایس:
حکومت نے جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (JKBOSE) کو ہدایت دی ہے کہ وہ 25 ایسے طلباء کو دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں شرکت کی اجازت دے، جو تکنیکی مسائل یا دیگر وجوہات کی بنا پر ایڈمٹ کارڈ حاصل کرنے سے محروم رہ گئے تھے۔
جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے جوائنٹ سیکریٹری، سراج راٹھور نے نیوز ایجنسی جے کے این ایس کو بتایا کہ حکومت کی ہدایت پر 25 طلباء کو امتحان میں شامل ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
راٹھور نے مزید کہا کہ ان طلباء میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول خانیار کی طالبہ طوئبہ یعقوب بھی شامل ہیں، اور ان کے رول نمبر سلپ کل جاری کیئے جائیں گے۔
اس سے قبل، وزیر تعلیم سکینہ مسعود ایتو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ میں، جیسا کہ نیوز ایجنسی جے کے این ایس نے رپورٹ کیا کہا: “جیسا کہ پہلے یقین دہانی کرائی گئی تھی، حکومت نے JKBOSE حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ باقی امیدواروں کو دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات میں شامل ہونے کے لیے ایڈمٹ کارڈ جاری کریں۔”
حکومتی فیصلے سے متاثرہ طلباء اور ان کے والدین کو بڑی راحت ملی ہے، جو امتحانات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پر شدید پریشان تھے۔