کرناہ //کرناہ سے تعلق رکھنے والے وادی کے مشہور و معروف سینئر ایڈوکیٹ ،سابق منصف، اور سابق پراسیکیوٹنگ آفیسر محمد نسیم اکبر اس دارِ فانی سے رخصت ہو گئے ہیں۔ وہ پچھلے کچھ وقت سے علیل تھے ۔مرحوم نہایت قابل، دیانتدار اور باوقار شخصیت کے مالک تھے۔مرحوم کا شمارکرناہ کے نامور قانون دانوں میں ہوتا تھا۔ اپنی وکالت کے پیشے میں وہ ہمیشہ حق اور انصاف کے علمبردار رہے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی عدل و انصاف کی سربلندی کے لیے وقف کی اور کمزور و مظلوم افراد کی آواز بنے۔ ان کی قانونی مہارت اور تجربہ ناقابلِ فراموش ہے، اور ان کی کمی کو کبھی پورا نہیں کیا جا سکے گا۔وکالت کے ساتھ ساتھ وہ اپنی خوش اخلاقی، نرم مزاجی اور خدمتِ خلق کے جذبے کے لیے بھی جانے جاتے تھے۔19اور20فروری کی درمیانی رات کو ان کا انتقال جموں میں ہوا جبکہ وہ علاج و معالجہ کےکئے چندی گڑھ گئے تھے ۔ان کی میت کو کرناہ پہنچایا جا رہا ہے جہاں انہیں اپنے آبائی مقبرہ میں سپردخاک کیا جائے گا ۔مرحوم کے انتقال پر سیاسی سماجی اور ادبی تنظیموں نے دکھ اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران سے تعزیت کی ہے ۔ایم ایل اے کرناہ جاوید مرچال، سابق ایم ایل اے کفیل الرحمان، ایڈوکیٹ راجہ منظور، بار ایسوسی ایشن کے صدر قاضی محبوب الہی، علاقہ کے قاضی حمید الدین قریشی ،سیول سوسائٹی کرناہ کے سربراہ پیرزادہ سراج الدین قریشی ، اپنی پارٹی کے یوتھ لیڈر خالد شجاعت بڈھانہ، کرناہ کلچرل کلب کے صدر عبدالرشید قریشی،بیوپار منڈل کے صدر حاجی تسلیم میر،سابق پرنسپل ڈاکٹر جہانگر دانش ،بار ایسوسی کپواڑہ ،میڈیا ایسوسی ایشن کپواڑہ کے علاوہ اساتذہ کی تمام انجمنوں سمیت کپواڑہ ،میڈیا ایسوسی ایشن کپواڑہ وکرناہ ،سپورٹ ایسوسی ایشن کرناہ ،ٹھکےدار یونین کرناہ سمیت دیگر طبقہ فکر ہائے سے وابستہ افراد نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔