کرناہ // کرناہ کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری اور میدانی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں معمولاتِ زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ خراب موسم کے باعث نہ صرف عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ علاقے میں بجلی سپلائی بھی بری طرح متاثر ہوئی ، سادھنا ٹاپ پر دو فٹ جبکہ پھرکیاں ٹاپ پر ایک فٹ برف جمع ہو چکی ہے، اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل برفباری کے باعث کرناہ-کپواڑہ، کیرن-کپواڑہ اور چوکی بل-بڈنمل سڑکیں گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔مقامی انتظامیہ کے مطابق، سڑکوں پر پھسلن بڑھ گئی ہے جبکہ بعض مقامات پر برفانی تودے گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر ان راستوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ حکام نے مقامی لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی موسم میں بہتری آئے گی، برف ہٹانے کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے گا۔ مسافروں اور مقامی لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے سرکاری اعلانات پر نظر رکھیں اور سفر سے پہلے متعلقہ حکام سے رابطہ کریں ۔شدید برفباری کے نتیجے میں کپواڑہ سے کرناہ جانے والی 33 کے وی بجلی کی ترسیلی لائن کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے پورا علاقہ گھپ اندھیرے میں ڈوب چکا ہے۔ مقامی لوگ بجلی کی جلد بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ محکمہ بجلی کا کہنا ہے کہ موسم سازگار ہوتے ہی مرمت کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ادھر کرناہ کے نہچیاں ،گومل باغ بالا ،حاجی ناڑ کچاڑیاں شمس پورہ میں بارشوں کے ساتھ ہلکی برف باری ہوئی ہے جبکہ ٹنگڈار سے ٹیٹوال تک میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہو رہی ہیں ۔