سری نگر، 01 مارچ (جے کے این ایس) :- نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ترجمان تنویر صادق نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے ریاستی درجہ کی بحالی کے حوالے سے بہت جلد مثبت پیش رفت کی امید رکھتے ہیں۔
تنویر صادق نے جے کے این ایس سے بات کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت آنے والے مہینوں میں اس معاملے کو حل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دوہری طاقت کا نظام انتظامی چیلنجز پیدا کر رہا ہے، اور عوام کی طرف سے دیے گئے اہم مینڈیٹ کا احترام کرنا ضروری ہے۔
تنویر صادق نے کہا کہ آج جموں و کشمیر جن حالات سے گزر رہا ہے اس کے ذمہ دار پی ڈی پی ہے، اور وہ ہمیں سبق نہ پڑھائیں کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے منشور میں کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کرے گی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جموں و کشمیر میں پچھلے 10 سال سے بی جے پی کی حکومت ہے، تو وہ شراب پر پابندی جیسے بل کیوں نہیں لا سکے؟
انہوں نے الزام لگایا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی ایک ہیں اور دونوں صرف اسمبلی کی مؤثر کارکردگی میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔(جے کے این ایس)