سرینگر، 09 مارچ (جے کے این ایس): وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے دفتر نے اتوار کو میر واعظ عمر فاروق کی گلمرگ میں مبینہ “غیر شائستہ فیشن شو” پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عوامی صدمہ اور غصہ قابل فہم ہے، اور اس معاملے پر فوری کارروائی کا وعدہ کیا۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر نے X (سابقہ ٹویٹر) پر لکھا: “عوام کا صدمہ اور غصہ بالکل قابل فہم ہے۔ جو تصاویر میں نے دیکھی ہیں وہ مقامی جذبات اور مقدس مہینے کی حرمت کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ میرا دفتر مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے، اور میں نے 24 گھنٹوں میں مکمل رپورٹ طلب کی ہے۔ مزید کارروائی رپورٹ کی بنیاد پر کی جائے گی۔”
اس سے قبل میر واعظ عمر فاروق نے X پر پوسٹ کرتے ہوئے اس تقریب کو “قابل مذمت” قرار دیا تھا اور سوال اٹھایا تھا کہ “کشمیر کی صوفیانہ اور درویشانہ ثقافت میں اس قسم کے اقدامات کو کیسے برداشت کیا جا سکتا ہے؟” انہوں نے حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
گلمرگ میں منعقدہ اس تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، اور رمضان المبارک کے دوران اس قسم کے ایونٹ کے انعقاد پر کئی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔