سرینگر، 10 مارچ (جے کے این ایس): جموں و کشمیر کیژول/ڈیلی ویجرز فورم (JKCDF) کے بینر تلے کیژول اور ڈیلی ویج ملازمین نے لال چوک میں احتجاج کرتے ہوئے اپنی خدمات کی مستقل تقرری اور تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا۔
خبر رساں ایجنسی جے کے این ایس کے مطابق، مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ عید کے بعد غیر معینہ ہڑتال پر چلے جائیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ان کے مسائل حل نہ کیے تو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (PHE) کے ملازمین وادی بھر میں پانی کی سپلائی بند کر دیں گے۔
ڈیلی ویجرز نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ان کے دیرینہ مطالبات کو نظر انداز کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارہا یقین دہانیوں کے باوجود، مستقل تقرری اور اجرتوں میں اضافے کے حوالے سے کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا گیا۔
قبل ازیں، پی ڈی پی ایم ایل اے وحید الرحمٰن پراہ نے جموں و کشمیر اسمبلی میں ڈیلی ویجرز کے مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے ان کے حقوق اور روزگار کی حفاظت کے لیے ایک بل متعارف کرانے کی وکالت کی۔
دریں اثنا، احتجاجی مزدوروں نے جمعرات کو سیکریٹریٹ کے گھیراؤ کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ اپنے مطالبات کو منوانے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ نیشنل کانفرنس نے اپنے انتخابی منشور میں عارضی ملازمین کی مستقل تقرری کو شامل کرتے ہوئے مختلف زمروں کے لیے ایک مقررہ وقت پر مبنی پالیسی متعارف کرانے کا وعدہ کیا ہے۔ ان میں جی ایم سی سے منسلک اسپتالوں کے پیرا میڈیکل اسٹاف، کیژول لیبرز، ڈیلی ویجرز، CIC آپریٹرز، کنٹریکچول ملازمین، ہوم گارڈز، اور رہبر کھیل ملازمین شامل ہیں۔