جموں، 10 مارچ (جے کے این ایس): وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز گلمرگ میں ہونے والے متنازعہ فیشن شو سے اپنی حکومت کو الگ کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ ایک نجی تقریب تھی جو ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی، اور اس میں حکومتی ڈھانچے کا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔
خبر رساں ایجنسی جے کے این ایس کے مطابق، اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تحقیقات کرے کہ آیا اس تقریب میں کسی قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا، “اگر کوئی خلاف ورزی پائی گئی تو معاملہ پولیس کے حوالے کر کے ضروری کارروائی کی جائے گی۔”
وزیر اعلیٰ نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ڈپٹی چیف منسٹر کو کٹھوعہ جانے سے کیوں روکا گیا جبکہ اپوزیشن لیڈر (LoP) سنیل شرما کو اجازت دی گئی۔ انہوں نے سوال کیا، “اگر کٹھوعہ کی صورتحال واقعی سنگین تھی تو اپوزیشن لیڈر کو کیوں اجازت دی گئی، لیکن ڈپٹی سی ایم کو کیوں روکا گیا؟”