سری نگر، 11 مارچ (جے کے این ایس): جموں و کشمیر حکومت نے منگل کو کہا کہ سونہ وار میں واقع خالی جی بی پنت اسپتال کی عمارت میں جنرل اسپتال کے قیام کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔
نیوز ایجنسی جے کے این ایس کے مطابق، وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے اسمبلی میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے تصدیق کی کہ جی بی پنت اسپتال سے بچوں کا اسپتال بمنہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت چیسٹ ڈیزیز اسپتال کی طرف سے جی بی پنت کی پرانی عمارت میں پلمونری او پی ڈی چلائی جا رہی ہے، جہاں ای سی جی اور ایکسرے کی سہولت روزانہ دستیاب ہے، جبکہ سی ٹی اسکین ہفتے میں ایک مرتبہ کیا جاتا ہے۔
ایم ایل اے احسان پردیسی کے اس سوال پر کہ آیا علاقے کے 60,000 سے زائد افراد فوری طبی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں، وزیر سکینہ ایتو نے جواب دیا کہ اسپتال میں بہترین انفراسٹرکچر موجود ہے، لیکن اس کے مستقبل کے استعمال پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
“ہم صورتحال کا جائزہ لے کر دستیاب وسائل کو بہترین طریقے سے استعمال کرنے کے امکانات پر غور کریں گے،” سکینہ ایتو نے یقین دلایا۔ (جے کے این ایس)