جبڑی، کرناہ – لائن آف کنٹرول (LOC) کے قریب واقع جبڑی ، جو ٹنگڈار سب ڈویژن سے تقریباً 24 کلومیٹر دور ہے، گزشتہ ایک ماہ سے بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ یہاں کے مکین بجلی کی عدم دستیابی اور بند سڑک کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، خاص طور پر رمضان کے مقدس مہینے میں۔
جبڑی کے ایک باشندے، وقار میر نے بتایا کہ علاقے میں پچھلے ایک ماہ سے بجلی نہیں ہے، جس کی وجہ سے روزمرہ زندگی مفلوج ہو چکی ہے۔ افطار اور سحری کے وقت بھی روشنی کا کوئی انتظام نہیں، اور عوام کو سخت تکلیف اٹھانی پڑ رہی ہے۔
علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ جبڑی کی سڑک بھی گزشتہ ایک مہینے سے بند پڑی ہے، جس کی وجہ سے مریضوں، طلبہ اور عام شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ خراب سڑکوں کی وجہ سے نہ تو ضروری اشیاء کی ترسیل ممکن ہو رہی ہے اور نہ ہی بیمار افراد کو بروقت ہسپتال پہنچایا جا سکتا ہے۔
مقامی لوگوں نے تحصیل انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ جبڑی کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے، بجلی بحال کی جائے اور سڑک کو کھولا جائے تاکہ یہاں کے مکین رمضان کے بابرکت مہینے میں کچھ سکون کا سانس لے سکیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مسائل جلد حل نہ کیے گئے تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔