قارئین وادی کشمیر انتہائی خوبصورت خطہ ہے اور اپنی قدرتی خوبصورتی کےلئے مشہور اس خطے کو ”جنت “ کا نام دیا گیا ہے ۔ کشمیر ہمالیائی خطے کے شمال میں واقع ہندوپاک کے بیچ میں واقع ایک ایسا خوبصورت خطہ ہے جہاں پر بلند و بالا پہاڑیوں کی چوٹیاں ، برف سے ڈھکے پہاڑ ، آبی ذخائرجن میں صاف و شفاف دریاءاور جھیل ، سرسبز وادیاں ، جھرنے اور ندی نالے اس خطے کی خوبصورتی میں چار چاندلگادیتے ہیں ۔ اس پر اگر ہم خطہ پیر پنچال کی طلسماتی پہاڑی سلسلہ کی بات کریں تو یہ ایک جادوئی خطہ کا منظر پیش کرتا ہے جس میں ننگا پربت ہر مو پہاڑ اور دیگر ایسے مشہور ڈھلوان ہیں جو کوہ پیمانی کے متلاشی اور شوقین افراد کےلئے بلکل موزوں ہے ۔ وادی کشمیر کی کئی ایک ایسی جگہیں ہیں جو اس کو منفرد بناتی ہے جن میںایک سیاحتی مقام گلمرگ بھی ہے جو سرینگر سے قریب چالیس کلو میٹر دوری پر واقع ایک کھلا میدان ہے جہاںپر موسم سرماءمیں برف کی چادر بچھ جاتی ہے جو سیکنگ اور دیگر کھیلوں کےلئے مشہور ہے ۔ جبکہ سرینگر میں جھیل ڈل سرینگر کی خوبصورت دو بالا کرتا ہے، جھیل پر ہاوس بوٹ اور شکارے جھیل ڈل کی شان کہلائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ مشہور مغل باغات جو زبرون پہاڑیوں کے دامن میں واقع ایسے باغات ہیں جہاں پر مختلف اقسام کے پھول دیکھنے کو ملتے ہیں ۔ اسی طرح نگین جھیل کا صاف و شفاف پانی جو کہ حضرتبل کے راستے میں پڑتا ہے اور حضرتبل تک اس کا پانی علاقے کی خوبصورتی کو بڑھاتا ہے ۔ قارئین وادی کشمیر میں دیگر بہت سی جھیلیں موجود ہیں جن میں ولر جھیل بھی ایک ہے جو کہ پورے ایشاءمیں میٹھے پانی کی سب سے بڑی جھیل مانی جاتی ہے ۔ ولر جھیل شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ ، سوپور اور گاندربل کے علاقوں کے وسط میں موجود ہے ۔
جہاں تک وادی کے مشہور سیاحتی مقامات کی بات ہے تو ان میں پوری دنیا میں پہلگام کا علاقہ مشور ہے جہاں پر خوبصورت جھرنے ، دریاءاور سرسبز و شاداب سبزہ زار ہیں جو قدرتی خوبصورتی کا ایک شاہکار ہے ۔ پہلگام کے ارد گرد بلند و بالا پہاڑیاں موجود ہیں اور گھنے جنگلات میں ہر بھرے آسمان سے باتے کرتے درخت ہیں ۔ قریب ہی وادی بیتاب ایک سرسبز و شاداب جگہ ہے جو اپنی پرسکون خوبصورتی کے لیے مشہور ہے۔ غرض سیاحتی مقام وادی کشمیر کا خوبصورت ترین علاقہ ہے جہاں پر سالانہ لاکھوں ملکی ، غیر ملکی اور مقامی سیاح سیر کےلئے آتے ہیں۔ اسی طرح دیگر جگہوں میں سونہ مرگ کا علاقہ ہے جو کہ گلمرگ کی طرح ایک سرسبز میدانی علاقے ہے جہاں کے ارد گرد بلند و بالا پہاڑی اور گلیشیر موجود ہیں۔سونہ مرگ سرینگر لہہ شاہراہ پر واقع ہے ۔ سونہ مرگ سے ایک خوبصورت دریادریائے سند بہتا ہے جو علاقے کی خوبصورت کو بڑھاتا ہے ۔ قارئین وادی کشمیر میں ہر جگہ گھنے جنگلات دیکھتے ہیں جہاں پر قیمتی اور نایاب درختاں پائے جاتے ہیں جن میں دیودار کا درخت مشہور ہے ۔ کہتے ہیں کہ دیودار ایک سو سال میں جوان ہوتا ہے اور اس طرح سے یہاں کے جنگلات میں موجود صدیوں پُرانے دیودار کے درکت ملتے ہیں ۔یہاں کے جنگلات نہ صرف جنگلی حیات کا مسکن ہے بلکہ یہ مختلف اقسام کے نباتات کا بھی گھر ہے ۔یہاں کے جنگلات میں مختلف اقسام کے نایاب جانور پائے جاتے ہیں جو صرف پہاڑی اور سرد علاقوں میں ہی ملتے ہیں ان میں ہانگل، ہرن کالے اور بھورے ریچھ ، تیندوے اور برفانی چیتے جنگلات میں موجود ہیں ۔ اس کے علاوہ مختلف اقسام کے چرند و پرند بھی یہاں کے خوبصورتی کو بڑھاتے ہیں۔ قارئین وادی کشمیر میں ہر موسم اپنی خوبصورتی سے مزین ہے ۔ موسم سرماءہو یا موسم گرما ہو، موسم بہار ہو یا موسم خزاں ہو وادی ہر موسم میں اپنی خوبصورتی نکھارتی ہے ۔ جہاں موسم بہار میں مختلف اقسام کے پھول کھلتے ہیں تو وہیں موسم خزاں کے سنہرے پتے اس کی خوبصورت کو دوبالا کردیتی ہے ۔ موسم بہار میں سرینگر کے زبرون پہاڑیوں کے دامن میں واقع باغ گل لالہ کی بات کریں تو اس باغ میں موسم بہار میںلاکھوں ٹولپ کھلتے ہیں جن کو دیکھنے کےلئے نہ صرف ملک بلکہ بیرون ممالک سے بھی سیاح دھڑا دھڑ واردکشمیر ہوتے ہیں۔یہاں پر مختلف اقسام کی کاشتکاری بھی ہوتی ہے جن میں خاص طور پر زعفران جیسے مصالحے بھی کشمیر کو دنیا بھر میں مشہور کرتا ہے ۔ وادی کشمیر کا متعدل آب و ہوا اس کو دنیا بھر میںایک سرد علاقہ کے طور پر متعارف کراتا ہے اور موسم سرماءکے دوران وادی کشمیر کا درجہ حرارت منفی سے نیچے چلا جاتا ہے جس کی وجہ سے یہاں پر جھیل اور دیگر آبی ذخائر منجمد ہوجاتے ہیں اور برفیلے علاقوں میں گلئشر بنتے ہیں ۔ سردیوں میں پورا خطہ برف سے ڈھکے عجائب گھر میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ گلمرگ اور پہلگام جیسے سکی ریزورٹس موسم سرما کے کھیلوں کے لیے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ گلمرگ میں ہر سال سرمائی کھیلوں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے جس میں شرکت کرنے کےلئے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کھیل شائقین حصہ لیتے ہیں۔ غرض وادی کشمیر صرف ایک زمین کا ٹکڑا نہیں ہے بلکہ یہ ایک خوبصورت ترین خطہ ہے جہاں پر قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ مختلف وسائل سے مالا مال یہ خطہ سیاحوں کےلئے پسندیدہ جگہ ہے جو یہاں کی سیر کرنے کے دوران فوٹو گرافی اور ویڈیو گرافی کرکے اپنے سفر کویاد گار بناتے ہیں۔