محکمہ رولر ڈیولپمنٹ کے تحت ایم جی نریگا (مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ) میں کام کرنے والے مزدور پچھلے تین مہینوں سے اپنی اجرت سے محروم ہیں۔
مزدوروں کا کہنا ہے کہ تین مہینے کی مسلسل محنت کے باوجود انہیں ان کا جائز معاوضہ نہیں دیا گیا،
جس کی وجہ سے وہ شدید مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
متاثرہ مزدوروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاستی اور مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر ان کے بقایاجات واگزار کرے تاکہ وہ اپنے اہل خانہ کی ضروریات پوری کر سکیں۔
مزدوروں نے بتایا کہ عید کا تہوار بھی قریب ہے، لیکن اجرت کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ان کے گھروں میں مایوسی چھائی ہوئی ہے۔
دوسری جانب نریگا پروجیکٹس کے تحت کام کرنے والے وینڈرز، جو ان منصوبوں کے لیے میٹریل فراہم کرتے ہیں، بھی پچھلے تین سالوں سے اپنی ادائیگیوں سے محروم ہیں۔
وینڈرز کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل نقصان میں جا رہے ہیں اور اگر ادائیگیاں جلد نہ ہوئیں تو وہ مزید کام جاری نہیں رکھ سکیں گے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایم جی نریگا اسکیم کے تحت مزدوروں کو 15 دن کے اندر اجرت فراہم کی جانی چاہیے تھی، لیکن کئی مہینوں سے یہ اصول نظر انداز کیا جا رہا ہے،
جس سے مزدوروں اور وینڈرز دونوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
متاثرہ افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ حکام فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کریں اور مزدوروں کی اجرت اور وینڈرز کے بقایاجات کو جلد از جلد واگزار کیا جائے تاکہ غریب مزدوروں کو مزید پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔