کپواڑہ کلاروس ناگسری علاقے میں قائم سرکاری اسپتال بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکا ہے، جہاں نہ صرف پینے کے صاف پانی کی سہولت دستیاب ہے اور نہ ہی بجلی کی مسلسل فراہمی، جس کی وجہ سے اسپتال میں موجود مریضوں کے ساتھ ساتھ عملہ بھی شدید مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اسپتال میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی حکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتی ہے۔
عوام نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد اسپتال میں پینے کے صاف پانی کا انتظام کیا جائے اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ مریضوں کو مزید پریشانیوں سے بچایا جا سکے۔
ایک مقامی شخص نے بتایا، “ہمارے علاقے کا یہ واحد اسپتال ہے جہاں سینکڑوں لوگ روز علاج کے لیے آتے ہیں، لیکن پانی اور بجلی جیسی بنیادی چیزوں کا نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔”
عوامی حلقوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور محکمہ صحت سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اقدامات کیے جائیں تاکہ اسپتال کی کارکردگی متاثر نہ ہو اور مریضوں کو مناسب علاج و سہولتیں میسر آئیں۔