کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ، آیوشی سودن نے سرحدی تحصیل کرناہ کا دورہ کیا اور حالیہ سرحدی شیلنگ سے متاثرہ علاقوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ڈی سی کپواڑہ کے دورے سے قبل ان کی ہدایت پر سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) کرناہ، تحصیلدار کرناہ اور ایس ایچ او کرناہ پہلے ہی متاثرہ علاقوں میں موجود تھے اور صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔آیوشی سودن نے ٹنگڈار اور ملحقہ علاقوں میں اُن مقامات کا دورہ کیا جہاں حالیہ شیلنگ کے باعث مکانات، دکانوں، گاڑیوں اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے سب ڈسٹرکٹ اسپتال ٹنگڈار میں بھی انتظامات کا معائنہ کیا اور طبی عملے سے سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔متاثرہ مقامات پر عوامی نمائندوں اور مقامی شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی کپواڑہ نے یقین دہانی کرائی کہ نقصانات کے تخمینے پر مبنی رپورٹ جلد از جلد اعلیٰ حکام کو روانہ کی جائے گی تاکہ متاثرین کو ممکنہ مالی امداد اور دیگر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف دیا جائے اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں۔مقامی لوگوں نے اس موقع پر ایس ڈی ایم کرناہ، تحصیلدار کرناہ اور کرناہ پولیس کی بروقت کارروائی اور فعال موجودگی کی تعریف کی۔ عوام کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے حالات پر فوری قابو پایا اور عوامی مشکلات کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔