کرناہ//عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے وفد نے کرناہ اور چوکی بل کے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا جو حالیہ گولہ باری سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ وفد کی قیادت انجینئر رشید کے فرزند ابرار رشید نے کی۔ ان کے ہمراہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں میں فیاض احمد، منظور احمد وانی، نصیر احمد میر، اعجاز یوسف، اعجاز احمد ٹھاکر، سید لیاقت اور راجہ وقار شامل تھے۔دورے کے دوران وفد نے دلدار بٹپورہ، تربونی، دھنی، گبرا، حاجی ناڑ ، باغ بیلہ اور شمس پورہ سمیت کئی متاثرہ دیہات کا جائزہ لیا اور گولہ باری سے ہوئے نقصانات کا معائنہ کیا۔مقامی مکینوں نے وفد کو بتایا کہ وہ شدید مشکلات کا شکار ہیں اور تاحال مناسب امداد یا بازآبادکاری فراہم نہیں کی گئی۔ متاثرین نے حکومت کی جانب سے سست روی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔اے آئی پی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کی فوری بازآبادکاری کو یقینی بنایا جائے اور بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں۔ وفد نے انشورنس کمپنیوں پر بھی زور دیا کہ وہ متاثرین کے کلیمز فوری طور پر نمٹائیں اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کریں۔