نشیہ مُکت بھارت ابھیان
سیفی میموریل نیو لائٹ پبلک اسکول ٹنگڈار میں کراس کنٹری دوڑ کا انعقاد
پیرزادہ سعید
کرناہ //سیفی میموریل نیو لائٹ پبلک اسکول ٹنگڈار میں “نشیہ مُکت بھارت ابھیان” کے تحت ایک شاندار کراس کنٹری دوڑ کا اہتمام کیا گیا۔ یہ دوڑ گورنمنٹ ڈگری کالج ٹنگڈار سے شروع ہو کر اسکول کے احاطے میں اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر زون ایجوکیشن آفیسر (ZEO) ٹنگڈار شاہ محمد رانا نے دوڑ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اُنہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نشے سے پاک سماج کی تشکیل میں نوجوانوں کا کردار نہایت اہم ہے، اور ایسی سرگرمیاں انہیں مثبت راہوں کی طرف راغب کرنے میں مدد دیتی ہیں۔زون ٹنگڈار کے کلچرل وِنگ کی جانب سے بھی اس مہم کو سراہا گیا اور طلباء کو سماجی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی گئی۔ انہوں نے صحت مند، منظم اور نشہ سے پاک طرزِ زندگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔اس دوڑ میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی، اور عوامی سطح پر اس اقدام کو خوب سراہا گیا۔ منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے پروگراموں کے ذریعے علاقے کے نوجوانوں میں بیداری پیدا کی جائے گی تاکہ وہ نشے جیسی مہلک عادتوں سے دور رہ کر صحت مند معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔