ٹنگڈھار کرناہ، 5 جولائی 2025:
سادھنا ٹنل کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے ڈاک بنگلہ ٹنگڈھار میں ایک عظیم اور تاریخی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کمیٹی نے مرکزی حکومت، بالخصوص وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور مرکزی وزیر برائے سڑک و شاہراہیں نتن گڈکری کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا، جن کی کاوشوں سے کرناہ-ٹنگڈار جیسے دور افتادہ سرحدی علاقوں میں ترقی کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔
یہ قابل ذکر ہے کہ یہ کمیٹی 2018 میں قائم کی گئی تھی، جس کا بنیادی مقصد سادھنا ٹنل کی تعمیر کے مطالبے کو منظم اور پرامن انداز میں حکومت تک پہنچانا تھا۔ برسوں کی مسلسل جدوجہد، رابطہ کاری اور عوامی حمایت کے بعد، اب یہ تحریک رنگ لا رہی ہے اور پورے خطے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تقریب کے دوران، کمیٹی کے صدر حاجی ولی احمد قریشی نے کمیٹی کے جنرل سیکریٹری آصف میر کو اس خواب کی تعبیر میں اہم کردار ادا کرنے پر 5,000 روپے کا چیک پیش کیا۔ بار ایسوسی ایشن کے صدر قاضی محبوب الٰہی، بی جے پی کے لیڈر ادریس کرناہی، اور غازی شبیر صاحب نے بھی آصف میر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں 5,000 روپے فی کس پیش کیے۔ اس کے علاوہ قاضی محبوب نے مزید 10,000 روپے بھی دیے۔
اس تقریب میں پرزیڈنٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے نمائندے، بار ایسوسی ایشن کے صدر اور دیگر اراکین، سول سوسائٹی کے معزز افراد، اور خاص طور پر صدر پیرزادہ سراج الدین بھی شریک ہوئے، جنہوں نے عوام کے اتحاد اور اجتماعی کوششوں کی تعریف کی۔
مرحوم قاضی نور الحق قریشی کو بھی بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جنہوں نے اس تحریک کا آغاز کیا اور اپنی زندگی میں ٹنل کے مطالبے کو زور و شور سے اجاگر کیا۔ شرکاء نے کہا کہ ان کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔
تقریب کا ماحول اتحاد، خوشی، شکرگزاری اور ترقی کے جذبے سے لبریز تھا۔ لوگوں نے کہا کہ ٹنل کی تعمیر سے نہ صرف سفر آسان ہوگا بلکہ تجارت، تعلیم، صحت اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
تقریب کا اختتام اس دعا کے ساتھ ہوا کہ حکومت اسی جذبے کے ساتھ عوامی مسائل کو حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی رہے اور ٹنگڈھار، کرناہ اور دیگر سرحدی علاقوں کی مزید ترقی کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے۔