کرناہ//محکمہ ڈاک کے سینئر ملازم، معروف تاجر اور سماجی کارکن محمد اسماعیل خان اپنی سرکاری ملازمت سے باعزت سبکدوش ہو گئے۔ اس موقع پر ڈاک بنگلہ ٹنگڈار میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ کرناہ، ظفر احمد لون مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔تقریب میں معروف ادیب فنکار عبدالرشید قریشی، سابق فوجیوں کے صدر عبدالقیوم میر، بیوپارمنڈل کے صدر حاجی تسلیم احمد میر معروف استاد افتخار احمد خواجہ ،جاوید احمد لون سمیت علاقہ کے معزز شہریوں، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سرکاری ملازمین اور دوست احباب کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے محمد اسماعیل خان کی تین دہائیوں پر محیط خلوص، دیانت اور محنت سے بھرپور خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔مقررین نے کہا کہ محمد اسماعیل خان نے اپنی ملازمت کا آغاز اُس مشکل دور میں کیا جب کرناہ میں نہ کوئی مضبوط مواصلاتی نظام موجود تھا اور نہ ہی ذرائع آمد و رفت کی سہولت۔ باوجود اس کے، انہوں نے گھر گھر جا کر لوگوں تک خط و پیغامات پہنچائے اور محکمہ ڈاک کو عوام کے قریب تر بنایا۔اس موقع پر ایس ڈی ایم کرناہ ظفر احمد لون نے کہا،”محمد اسماعیل خان جیسے ایماندار، محنتی اور عوام دوست ملازمین کسی بھی ادارے کا سرمایہ ہوتے ہیں۔ اُن کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا اور نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ بنے گی۔”تقریب کے اختتام پر محمد اسماعیل خان کو مبارکباد دی گئی اور ان کی گراں قدر خدمات پر انہیں اعزازی شیلڈ اور تحائف پیش کیے گئے۔علاقہ کرناہ کے لوگ اسماعیل خان کو صرف ایک سرکاری ملازم کے طور پر نہیں بلکہ ایک ایسے انسان کے طور پر یاد رکھیں گے، جنہوں نے خدمت، خلوص اور دیانت داری سے لوگوں کے کام کئے ۔۔