کپواڑہ، 15 جولائی: منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت آج ضلع پولیس کپواڑہ نے گورنمنٹ ڈگری کالج کپواڑہ میں ایک بیداری پروگرام منعقد کیا۔ اس موقع پر منشیات کے موضوع پر مباحثے اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کا باضابطہ افتتاح ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر کپواڑہ محمد رفی نے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے بھارت بھر میں، بالخصوص جموں و کشمیر میں منشیات کی صورتحال پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اس خطرناک لت کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پروگرام میں دیگر مقررین کے علاوہ طلباء و طالبات نے بھی منشیات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، جن میں صحت، نفسیاتی، سماجی اور معاشی اثرات شامل تھے۔ سامعین کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے اس لعنت سے دور رہنے کی تلقین کی گئی۔ اس موقع پر تمام شرکاء نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ منشیات کے خلاف کام کریں گے اور اس ناسور کو معاشرے سے ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ آخر میں ایک انعامی تقریب منعقد کی گئی جس میں بہترین مقررین کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ ضلع پولیس کپواڑہ منشیات کے خلاف اپنی کوششیں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے اور عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتی ہے۔