احد زرگر میموریل ریسرچ فاؤنڈیشن نے آج اپنے سالانہ اعزازات “احد زرگر میموریل ایوارڈ 2025” کے لیے جیوری کے متفقہ فیصلے کا اعلان کیا۔
اس سال دو نمایاں شخصیات، مشتاق برق اور گلزار احمد گنائی ،کو اُن کی علمی، ادبی اور ثقافتی خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا جائے گا۔
جیوری نوٹ کی تحریر کے مطابق :
ممتاز مترجم، محقق اور صوفی شعریات کے ماہر مشتاق برق کو احد زرگر لٹریچر ایوارڈ 2025 کے لیے منتخب کیا ہے۔ اُنہیں یہ اعزاز اُن کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے، جن میں صوفی شعرا جیسے سوچھ کرال، وہاب کھار، احد زرگر ، احمد بٹواری اور دیگر شعراکی تصنیفات کے انگریزی تراجم شامل ہیں۔ مشتاق برق کے نام مرحوم احد زرگر کی تین تصنیفات کے مکمل منظوم تراجم بھی ہیں، جبکہ اُن کی تحریریں کشمیر کی صوفی روایت کو عالمی ادبی منظرنامے تک لے جانے میں سنگِ میل ثابت ہوئی ہیں۔
دوسری جانب، معروف لوک گلوکار استاد گلزار احمد گنائی کو احد زرگر ایوارڈ برائے ثقافت سے نوازا جائے گا۔
گلزار گنائی کو کشمیری لوک موسیقی میں ان کی اعلیٰ خدمات، روحانی پیغام رسانی اور ثقافتی نمائندگی کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا جا رہا ہے۔ جیوری کے مطابق وہ نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر کشمیری ثقافت اور صوفی اقدار کے سفیر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔
احد زرگر میموریل ایوارڈز کی تقریب 12 اگست 2025 کو احد زرگر میموریل ڈے کے موقع پر فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوگی، جہاں دونوں شخصیات کو رسمی طور پر ایوارڈ پیش کیے جائیں گے۔