سرینگر // صدرِ جمہوریہ ہند دروپدی مرمو سے مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز قبائلی شخصیات کے ایک وفد نے راشٹرپتی بھون میں ملاقات کی۔ یہ وفد وزارتِ قبائلی امور کی جانب سے شروع کیے گئے ’آدی کرم یوگی ابھیان‘ کے تحت دہلی آیا تھا۔
اس موقع پر صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ قبائلی برادریوں کے بیش قیمت علم، ثقافتی ورثے اور قدرت سے جڑی طرزِ زندگی کو محفوظ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قبائلی طبقے کو عزت و وقار کے ساتھ ملک کی ترقی کے سفر میں فعال شریک بنایا جانا چاہیے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس ملاقات میں کرناہ سے تعلق رکھنے والے سابق پولیس افسر اور جموں و کشمیر سادات انٹرنیشنل کے صدر شبیر الحسن گیلانی بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے پہاڑی طبقے کو درپیش مسائل بالخصوص تعلیم، بہتر سڑک رابطہ، صحت کی سہولیات، سیاحت، زراعت اور باغبانی کے شعبوں میں بہتری کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی بھی پُرزور سفارش کی۔