کرناہ// ممتاز احمد پیر (جے کے اے ایس)، ایڈ کمشنر ریونیو کپوارہ نے ڈپٹی کمشنر کپوارہ کی ہدایات پر منی سیکریٹریٹ کرناہ میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں 26 جنوری کو کرناہ میں منعقد ہونے والی یومِ جمہوریہ تقریبات کو پُروقار اور خوش اسلوبی سے انجام دینے کے لیے سیکیورٹی انتظامات، مقامِ تقریب کی تیاری، پریڈ، ثقافتی پروگراموں، ٹریفک نظم و نسق اور بین المحکماتی رابطہ کاری پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) کرناہ کا عہدہ گزشتہ چار ماہ سے خالی ہے۔ مقامی عوام کی جانب سے اعلیٰ حکام کو متعدد بار اس عہدے کو پُر کرنے کی درخواستیں دی گئیں، تاہم تاحال ایس ڈی ایم کی تعیناتی عمل میں نہیں آ سکی، جس کے باعث سب ڈویژن میں انتظامی مشکلات درپیش ہیں۔ اسی تناظر میں ڈپٹی کمشنر کپوارہ نے اے سی آر کو ہدایت دی کہ وہ یومِ جمہوریہ کی تیاریوں کے اجلاس کی صدارت کریں اور خود انتظامات کی نگرانی کریں۔اجلاس میں تحصیلدار کرناہ، نائب تحصیلدار، ایس ایچ او کرناہ، ایگزیکٹو انجینئر (ایکس ای این) کرناہ، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر (اے ای ای) پی ڈی ڈی، محکمہ آر اینڈ بی کے افسران، علاقہ کے ہائر سیکنڈری اسکولوں کے پرنسپلز، ڈگری کالج کرناہ کے پرنسپل، آئی ٹی آئی ٹنگڈار کے پرنسپل، ہارٹیکلچر آفیسر، ایگریکلچر آفیسر ٹنگڈار، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او) ٹنگڈار، بلاک میڈیکل آفیسر (بی ایم او) ٹنگڈار اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اے سی آر نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون، ذمہ داریوں کی بروقت انجام دہی اور طے شدہ پروٹوکول کی سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ کرناہ میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات خوش اسلوبی اور شایانِ شان طریقے سے منعقد ہو سکیں۔

